لیبیا: یورپ جانے کے خواہشمند 268 افراد ڈوب کر ہلاک، ہنگری سے بھی 71 لاشیں برآمد

یورپ جانے کے خواہشمند 268 افراد ڈوب کر ہلاک

یورپ جانے کے خواہشمند 268 افراد ڈوب کر ہلاک

طرابلس ۔۔۔ نیوز ٹائم

لیبیا کے شہر Zuwara کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے سینکڑوں افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔ حکام اور مقامی افراد کے مطابق ان کشتیوں میں 500 کے قریب افراد سوار تھے۔پہلی کشتی جس میں 50 کے قریب افراد سوار تھے۔ اس کے بعد ڈوبنے والے دوسری کشتی میں تقریباً 400 افراد سوار تھے۔ ریڈ کراس کے مطابق امدادی کارکنوں نے سمندر سے 82 لاشیں نکالی ہیں اور 182 افراد کو بچا لیا ہے۔ طرابلس کے مغرب میں واقع زوارہ شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ شہر کے ہسپتال میں 100 لاشیں لائی گئی ہیں۔ مقامی شخص کے مطابق ان کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق شام، بنگلہ دیش اور زیر صحارا کے ممالک سے ہے۔ تاہم اس امر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال سمندری راستے سے یورپ جانے کی کوشش میں2400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن اٹلی پہنچے جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب افراد یونان کے راستے یورپ میں داخل ہوئے۔ اس سے قبل بدھ کو لیبیا کے ساحل کے قریب سے ایک بحری سے 51 افراد کی لاشیں بھی ملی تھیں۔ علاوہ ازیں آسٹریا حکام کے مطابق انہیں ہنگری سے متصل مشرقی سرحد کے قریب ایک لاوراث ٹرک سے جو خراب حال لاشیں ملی ہیں ان کی کل تعداد 71 ہے۔ یہ ٹرک ویانا جانے والی مرکزی سڑک کے کنارے پانڈارف قصبے کے قریب پایا گیا اور خیال رہے کہ یہ بدھ سے یہاں کھڑا تھا۔ حکام نے اس ٹرک کو مزید معائنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا اور انہوں نے گزشتہ روز بتایا کہ مرنے والوں میں 59 مرد، 8 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ افراد ٹرک کی دریافت سے ڈیڑھ سے دو دن پہلے ہلاک ہو چکے تھے اور ان کے جسم گلنا سڑنا شروع ہو گئے تھے۔

No comments.

Leave a Reply