ریٹائرڈ فوجیوں نے مشرف کا دعویٰ مسترد کر دیا

لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل

لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل

راولپنڈی ۔۔۔ نیوز ٹائم

سابق فوجیوں کی دو تنظیموں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اور پاکستان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن نے سابق جنرل پرویز مشرف کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ غداری مقدمے پر ساری فوج ان کے ساتھ ہے اور پریشان ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل اور جنرل علی قلی خان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ فوج کا ایمرجنسی نفاذ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ وہ فوج کو اپنا مدد گار بتا کر انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دے رہے ہیں۔ سابق عسکری ماہرین نے کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ اور ججوں کی برخاستگی ان کے ذاتی فعل تھے۔ مشرف کی جانب سے یہ دعویٰ کہ تمام اقدامات اس وقت کی کابینہ نے کیے تھے اور ساتھ ہی فوج کو درمیان میں گھسیٹنا الگ الگ بیانات ہیں۔ وہ قانون کا احترام کریں اور آزاد عدلیہ کی جانب سے کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہونے کا انتظار کریں۔ دریں اثنا سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ مسلح افواج جنرل مشرف کے خلاف کیس پر ناراض نہیں، اعتراض صرف یہ ہے کہ جنرل مشرف ہی کیوں، باقی کیوں نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف سے قبل جنہوں نے آئین توڑا اور معاونت کی، ان کو بھی شامل کیا جائے، کیونکہ اس غیر آئینی عمل میں صرف مشرف ہی نہیں، بڑے بڑے ججز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اگر مشرف کے ساتھ ہوتے تو ان کی حکومت ہوتی اور افتخار چوہدری جیل میں ہوتے، لیکن جنرل کیانی نے فریق بننے سے انکار کر دیا تھا اور فوج کو پیغام دیا تھا کہ وہ سیاسی عمل سے اپنے آپ کو دور رکھے۔

No comments.

Leave a Reply