ترکی میں حکومت مخالف مظاہرے، جوتے کا ڈبا لہرانے پر خاتون گرفتار

ترکی میں حکومت مخالف مظاہرے

ترکی میں حکومت مخالف مظاہرے

انقرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی میں کرپشن اسکینڈل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران جوتے کے ڈبا لہرانے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ جوتے کا ڈبا ترکی میں کرپشن اسکینڈل کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ پولیس نے کرپشن اسکینڈل کے مرکزی کردار، سرکاری ملکیتی حلق بنک کے چیف ایگزیکٹو کے گھر سے جوتے کے ڈبوں میں رکھے گئے پینتالیس لاکھ ڈالرز کے کرنسی نوٹ برآمد کیے تھے۔ گرفتار نورحان گل نے مغربی شہر اکیشر میں اس وقت جوتے کا خالی ڈبا لہرایا تھا جب وزیراعظم رجب طیب اردگان ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ دوران خطاب جوتے کا ڈبا لہرانے پر خاتون نورحان گل کو گرفتار کیا گیا۔ ترک روزنامے حریت کے مطابق نورحان گل نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلی میں جوتے کا ایک خالی ڈبا لے گئی اور ڈبے کو چند منٹ کے لیے لہرایا۔ پولیس اور سکیورٹی محافظوں نے میرے گھر پر دستک دی اور دریافت کیا کہ کس نے جوتے کا ڈبا لہرایا تھا؟۔ اس کے بعد اس خاتون کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور پھر بعد ازاں تفتیش کے بعد مقدمے کے ٹرائل تک چھوڑ رہا کردیا گیا۔ ترکی کی حزب اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی کے لیڈر کمال قلیچ دار اوغلو نے نورحان گل کو فون کیا اور انھیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ انھوں نے کہا کہ ہرشہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔ واضح رہے کہ رشوت اور کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات نے ترکی کی سیاست میں ایک بھونچال برپا کر دیا ہے۔ کرپشن اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد سے وزیراعظم رجب طیب اردگان کی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور ان سے مستعفی ہونے اور قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

No comments.

Leave a Reply