تمیز سیکھو اور اپنی اوقات میں رہو، چین نے انتہائی سخت پیغام بھارت کو پہنچا دیا

چین نے انتہائی سخت پیغام بھارت کو پہنچا دیا

چین نے انتہائی سخت پیغام بھارت کو پہنچا دیا

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا کی شہہ پر بھارت نے چین کے خلاف کھڑا ہونے کا فیصلہ تو کر لیا  لیکن شاید اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس حماقت کے نتیجے میں اسے چین کے ہاتھوں انتہا درجے کی ذلت اور بے عزتی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ بھارت کے غیر مناسب طرز عمل پر چین کے سرکاری میڈیا کے ذریعے اسے ایسا سخت پیغام بھجوایا گیا ہے کہ پورے ملک میں چیخ و پکار شروع ہو گئی ہے۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اس صورتحال پر واویلا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے اپنے اداریے میں بھارت کی بہت تذلیل کی اور اسے خودغرض، خود پسند، اور اخلاقیات سے عاری بھی قرار دے دیا ہے۔ اخبار کے مطابق اداریے میں بھارت کو مغرب کا پجاری اور اخلاقیات سے محروم قرار دیا گیا ہے، اور عالمی امور کی انجام دہی کے لئے ضروری آداب سیکھنے کی نصیحت بھی کی گئی ہے۔ امریکا اور کچھ دیگر مغربی ممالک کی حمایت کے باوجود بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن نہیں بنایا گیا، جس پر بھارت نے تمام الزام چین پر لگا دیا ہے، اور چینی میڈیا نے بھارت کے اس بچگانہ رویے پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ بھارت کی سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا پوری دنیا نہیں ہے۔ اس کی حمایت حاصل ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ بھارت کو دنیا کی حمایت حاصل ہو گئی، تاہم یہ بنیادی حقیقت بھارت نے نظر انداز کر دی۔ ٹائمز آف انڈیا نے اداریے کے ان الفاظ کا ذکر خصوصی طور پر کیا ہے جن میں کہا گیا ہے  کہ بھارت کا جی ڈی پی چین کے جی ڈی پی کا تقریباً 20 فیصد ہے لیکن اس کے باوجود مغرب نے اسے اپنی آنکھ کا تارہ بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی امور میں اس کا رویہ ایک بگڑے بچے جیسا ہو چکا ہے۔ گلوبل ٹائمز کے اداریے میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت کو قوم پرستی کے متعلق بھی مزید شعور کی ضرورت ہے۔ بھارتی قوم پرستوں پر زور دیا گیا ہے کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کا ملک ایک بڑی طاقت بنے تو پہلے انہیں یہ بھی سیکھنا چاہیے کہ بڑی طاقتوں کا طرز عمل کیسا ہوتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply