مہاجر دوست، جرمن پالیسی کسی صورت نہیں بدلے گی: انجیلا مرکل

مہاجر دوست، جرمن پالیسی کسی صورت نہیں بدلے گی: انجیلا مرکل

مہاجر دوست، جرمن پالیسی کسی صورت نہیں بدلے گی: انجیلا مرکل

برلن ۔۔۔ نیوز ٹائم

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے جرمنی میں حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے بعد اپنی حکومت کی ‘مہاجر دوست’ پالیسی تبدیل کرنے کے مطالبات کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگوں اور تشدد سے بھاگنے والوں کو جرمنی میں پناہ دی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت برلن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردانہ حملے کرنے والے جرمنی میں ‘کمیونٹی کے احساس، ہماری فراخ دلی اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے کے جذبے’ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انجیلا مرکل نے کہا کہ ہم اس کوشش کو پوری شدت سے مسترد کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے جرمنی میں چار پرتشدد حملے ہوئے جن میں سے دو کی ذمہ داری ISIS  نے قبول کی تھی۔ان واقعات کے بعد جرمنی  چانسلر اپنی چھٹیاں منسوخ کر کے خاص طور پر برلن میں میڈیا سے مخاطب ہوئیں۔ اس نیوز کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر 4 سفاکانہ واقعات کا پیش آنا انتہائی افسوسناک اور مایوس کن ہے۔ تاہم  ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان حملوں سے یہ تاثر نہ لیا جائے کہ جرمن حکام ملک پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھے ہیں۔ انجیلا مرکل نے حالیہ عرصے کے دوران فرانس، بلجیئم، ترکی، امریکا اور جرمنی میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے کہا کہ ہماری اقدار کی بنیادوں کو منہدم کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے واقعات ایسی جگہوں پر رونما ہوئے جہاں ہم سے کوئی بھی کسی وقت موجود ہو سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بھیانک واقعات کے باوجود جرمنی میں اپنی حکومت کی مہاجر پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔ گزشتہ برس مرکل نے شام اور دیگر شورش زدہ خطوں سے جنگوں اور تشدد سے بھاگ کر پناہ کی تلاش میں یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن کے لئے ملکی سرحدیں کھول دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد 1.1ملین سے زائد تارکین وطن جرمنی آئے تھے۔ انجیلا مرکل نے مزید کہا کہ مجھے آج بھی اس بات پر یقین ہے کہ ہم یہ کر سکتے ہیں۔ یہ ہماری تاریخی ذمے داری ہے اور عالمگیریت کے اس دور میں یہ ایک تاریخی امتحان بھی ہے۔ پچھلے 11 مہینوں کے دوران ہم نے اس سلسلے میں بہت سی کامیابیاں بھی حاصل کی ہے۔

No comments.

Leave a Reply