سعودی عرب ہتھیاروں کی خریداری میں سرفہرست، بھارت کا دوسرا بڑا ملک

سال 2008 ء سے 2015 ء تک بھارت نے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 34 ارب ڈالرز کے معاہدے کیے

سال 2008 ء سے 2015 ء تک بھارت نے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 34 ارب ڈالرز کے معاہدے کیے

نئی دہلی ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی کانگریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والے ممالک میں بھارت دوسرا بڑا ملک ہے  جبکہ بھارتی فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ آروپ راہا کے تازہ بیان کو اس رپورٹ کی تصدیق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ سبکدوش ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سربراہ آروپ راہا نے گزشتہ روز کہا تھا  کہ بھارت کو رافیل طیارے کی طرز کے 200 جنگی جہازوں کی ضرورت ہے اور ہندوستان اب تک ایسے 35 طیارے فرانس سے خرید چکا ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق امریکی کانگریشنل رسرچ سروسز (سی آر ایس) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ترقی پذیر ممالک میں ہتھیاروں کی خریداری میں سرفہرست ہے، سعودی عرب نے سال 2008 ء سے سال 2015 ء کے دوران ہتھیاروں کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 93 ارب 50 کروڑ ڈالرز کے معاہدے کیے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2008 ء سے 2015 ء تک بھارت نے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 34 ارب ڈالرز کے معاہدے کیے ، جس سے وہ اسلحہ خریدنے والا دنیا میں دوسرا بڑا ترقی پذیر ملک بنا۔ ترقی پذیر ممالک کو روایتی ہتھیاروں کی منتقلی برائے 2008 ء سے 2015ء  کے نام سے جاری کردہ سی آر ایس کی یہ رپورٹ  بھارت کی جانب سے اپنی فوج کو جدید کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے جبکہ اس رپورٹ کو امریکی کانگریس کی سرکاری رپورٹ کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ بھارت کی ان تازہ کوششوں کو ظاہر کرتی ہے جن کے ذریعے وہ ہتھیاروں کی خریداری کے حوالے سے اپنے مرکز کو تبدیل کر رہا ہے اور اس کا فائدہ امریکا کو پہنچ رہا ہے۔ اس سے قبل یہ دیکھا گیا تھا کہ بھارت، روسی ساختہ ہتھیاروں کا خریدار رہا ہے، مگر حالیہ برسوں میں بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے سپلائرز تبدیل کیے گئے ہیں۔  بھارت نے 2004 ء میں ہوائی جہازوں میں نصب ہونے والے پھالکن نامی جدید ڈفینس سسٹم کو اسرائیل سے خریدا تھا جبکہ 2005 ء میں ڈیزل پر چلنے والی 6 ‘اسکورپین’ جنگی آبدوزوں سمیت فرانس سے بے شمار آلات خریدے تھے۔ سی آر ایس کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے 2008 ء میں 6 سی 130 جے کارگو طیارے امریکا سے خریدے، جبکہ 2010 ء میں برطانیہ نے ہندوستان کو ایک ارب ڈالر کے 57 ہاک ٹرینر طیارے اور اٹلی نے بھارت کو 12 اگسٹا ویسٹ لینڈ (اے ڈبلیو101) ہیلی کاپٹر فروخت کیے۔

No comments.

Leave a Reply