پاکستان سپر لیگ: پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور ہی میں ہو گا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل شیڈول کے مطابق 5 مارچ کو لاہور ہی میں منعقد ہو گا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل شیڈول کے مطابق 5 مارچ کو لاہور ہی میں منعقد ہو گا

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

صوبہ پنجاب کی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل شیڈول کے مطابق 5 مارچ کو لاہور ہی میں منعقد ہو گا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے گزشتہ  شام کو پنجاب حکومت کے اس فیصلے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل میچ منعقد کرانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ صوبائی حکومت نے وزیر اعلی میاں شہباز شریف کے زیر صدارت اعلی سطح کے ایک اجلاس میں ٹورنا منٹ کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اس اعلان کے بعد پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہو جائے گی اور یہ آن لائن بھی دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں 3 مارچ کا انتظار کرنا ہو گا اور تب پتا چلے گا کہ کون سے غیر ملکی کھلاڑی لاہور آئیں گے کیونکہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ کون سی 2 ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی اور لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔ نجم سیٹھی نے پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف کی پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کے فیصلے پر تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ تمام صوبائی اور وفاقی حکام اور سیکیورٹی فورسز ایک ہی صفحے پر ہیں اور اس فیصلے سے ظاہر ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں شاید منعقد نہ ہو سکے۔ پاکستان سپر لیگ اس وقت دبئی میں جاری ہے اور اس میں 5 پاکستانی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کی جانب سے نمایاں غیر ملکی کرکٹر بھی کھیل رہے ہیں۔ ان میں سے بعض قبل ازیں پاکستان میں فائنل کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔ قذافی  اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے قبل ازیں کہا تھا کہ لاہور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود بورڈ کی یہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل صوبائی دارالحکومت ہی میں منعقد ہو۔ تاہم انھوں نے دوٹوک انداز میں کہا تھا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلے کا اختیار حکومت کے پاس ہے۔

No comments.

Leave a Reply