ایٹمی ہتھیاروں پر عالمی پابندی غیر حقیقت پسندانہ ہے، امریکا

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر Nikki Haley نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں پر عالمی پابندیاں غیر حقیقت پسندانہ ہیں کیونکہ یہ قومی سلامتی کی اہم ضرورت ہیں جبکہ دہشت گرد عناصر پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ نیو یارک میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران Nikki Haley نے ایک جانب  دنیا بھر سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کی خواہش ظاہر کی لیکن دوسری طرف یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں ہمیں حقیقت پسندانہ سوچ اپنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب شمالی کوریا نے ساری دنیا کی جانب سے خبردار کیے جانے کے باوجود میزائلوں اور ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کر لیے ہیں  تو اس پر کیسے یقین کیا جا سکتا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں پر عالمی پابندی کا لحاظ رکھے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آنے سے پہلے ہی ملکی سلامتی کے نام پر ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں جبکہ صحافیوں کے ساتھ نکی ہیلی کا مذکورہ اظہارِ خیال بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔ اس وقت اقوامِ متحدہ میں ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق ایک نئے عالمی معاہدے کے بارے میں بحث جاری ہے لیکن 3 بڑی ایٹمی طاقتوں یعنی امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت تقریباً 40 ممالک نے اس معاہدے کا عملی بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔ اب تک اقوامِ متحدہ کے 120 سے زائد ممالک اس نئے معاہدے کے حق میں رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2016ء میں اقوام متحدہ نے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق ایک نئے عالمی معاہدے پر مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس بارے میں رائے شماری کے دوران امریکا، برطانیہ، فرانس، اسرائیل اور روس نے اس معاہدے کے خلاف ووٹ دیا تھا جبکہ چین، ہندوستان اور پاکستان نے رائے شمارے میں حصہ نہیں لیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply