توشیبا کا ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج کے نِکے اشاریے سے اخراج

جاپانی الیکٹرانکس کمپنی توشیبا

جاپانی الیکٹرانکس کمپنی توشیبا

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

مشکلات کی شکار جاپانی الیکٹرانکس کمپنی توشیبا کو ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج کے Nikkei stock indexسے اب خارج کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل اسٹاک ایکسچینج نے توشیبا کے حصص کا درجہ کم کرتے ہوئے انہیں پہلی اگست سے اول درجے سے نکال کر دوسرے درجے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ توشیبا کے اس اعلان کے بعد کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ مارچ کے اختتام پر کمپنی کے ذمے واجب الادا رقوم کی مالیت اس کے اثاثوں سے بڑھ گئی ہے۔ اس کلیدی اشاریے میں 225 سرکردہ کمپنیوں کے حصص شامل ہوتے ہیں۔ توشیبا کے جگہ اشاریے میں درست پیمائشی آلات ساز Seiko Epson کو شامل کیا جائے گا۔ روزنامہ نکِے کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 1950 ء کے بعد توشیبا کے حصص کو پہلی بار کسی کلیدی اشاریے سے خارج کیا جائے گا۔  یاد رہے کہ 1950 ء میں نکے اشاریے کا پیشرو اشاریہ شروع کیا گیا تھا۔ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج کے دوسرے درجے میں شامل کیے جانے کے بعد توشیبا کے حصص کا لین دین جاری رہے گا۔ لیکن آئندہ مارچ تک کمپنی کے ذمے واجب الادا رقوم کی مالیت اس کے اثاثوں سے زائد رہنے کی صورت میں کمپنی کو ضوابط کے مطابق اسٹاک ایکسچینج سے اخراج کا سامنا ہو گا۔

No comments.

Leave a Reply