ترکی میں اردگان اور پیوٹن کی ملاقات، شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے پر متفق

ترکی میں اردگان اور پیوٹن کی ملاقات

ترکی میں اردگان اور پیوٹن کی ملاقات

انقرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان نے شام میں سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔ العربیہ کے مطابق ترکی کے دورے کے دوران گذشتہ روز صدر پیوٹن نے ترک صدر اردگان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شام کا بحران زیربحث رہنے والا سب سے بڑا موضوع تھا۔ دونوں  رہنمائوں نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے تمام شرائط پوری ہیں۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ شام میں سامنے آنے والے مثبت نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بہت گہرا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے شام میں متحارب فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور محفوظ زون کے حدود میں مزید توسیع پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر اردگان نے کہا کہ شام میں دیرپا سیاسی حل کے لیے روس کا تعاون درکار ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں شام کی موجودہ صورت حال بالخصوص ادلب میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔ عراق کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ صوبہ کردستان میں آزادی ریفرنڈم کا انعقاد بہت بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ترکی دونوں عراق کی وحدت کے پرزور حامی ہیں۔ اردگان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت عراق کے صوبہ کردستان کو کسی اور بڑی غلطی کے ارتکاب سے روکے گی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔  صدر اردگان نے کہا کہ عنقریب ترکی اور روس کے درمیان تعلقات میں مزید غیر معمولی پیشرفت آئے گی۔

No comments.

Leave a Reply