غیر قانونی طریقے سے حج کرنے والوں کو 10 سال پابندی کا سامنا

سعودی محکمہ پاسپورٹ

سعودی محکمہ پاسپورٹ

الریاض ۔۔۔ نیوز ٹائم

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کے فنگر پرنٹس لئے جانے کے بعد 10 برس کیلئے بلیک لسٹ ہو جائیں گے۔ مختلف خلاف ورزیوں پر بے دخل کئے جانے والوں کو 3 برس تک سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ خروج اور واپسی ویزہ کو فائنل ایگزٹ ویزے میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کوئی شخص خروج و واپسی لے کر سعودی عرب سے سفر کر گیا ہو تو ایسی صورت میں اس کے مذکورہ ویزے کو بیرون مملکت رہتے ہوئے فائنل ایگزٹ ویزے میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔ فائنل ایگزٹ ویزہ اجرا کی تاریخ سے 60 دن تک موثر رہتا ہے۔ اخبار نے محکمہ جوازات کے حوالے سے بتایا کہ اگر مملکت میں اقامے پر موجود کوئی خاتون خروج اور واپسی لے کر سعودی عرب سے اپنے ملک چلی گئیں اور وہیں اس کے یہاں ولادت ہوئی ہو تو ایسی صورت میں نومولود کو ماں کے ویزے پر سعودی عرب لانے کی سہولت حاصل ہو گی۔ اس کی فیس لی جائے گی۔ جوازات کا کہنا تھا کہ اگر گھریلو ملازم کے ریکارڈ پر مرافق یا تابع ہوئے تو ایسی صورت میں اس سے فیملی فیس ہر قیمت پر وصول کی جائے گی۔ اس سے اسے کوئی استثنی نہیں ہو گا۔ سعودی عرب میں 2 ملین کے لگ بھگ گھریلو ملازم سکونت پذیر ہیں۔ ان میں سے 62 فیصد خواتین ہیں۔ جوازات کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ختم ہونے سے ایک برس کے اندر توسیع کرائی جا سکتی ہے۔ محکمے نے یہ بھی بتایا کہ اگر کسی شخص پر ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ہوں تو ایسی صورت میں وہ اپنے زیر کفالت کا پاسپورٹ جاری کرا سکے گا  خلاف ورزیوں کا ریکارڈ پر ہونا پاسپورٹ کے اجرامیں حائل نہیں ہو گا۔

No comments.

Leave a Reply