اثاثہ ریفرنس: اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

وزیر خزانہ اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ریفرنس کی مزید سماعت 2 نومبر (جمعرات) تک ملتوی کر دی گئی۔ نیب کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر وفاقی وزیر خزانہ کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔نیب کی ٹیم اور گواہ عبد الرحمان گوندل ثبوت لے کر احتساب عدالت پہنچے تاہم ملزم وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج پیش نہیں ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر اسحاق ڈار کے وکیل نے وزیر خزانہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور عدالت میں ان کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی۔ خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار طبی معائنے کے لیے لندن میں موجود ہیں، ان کا آج لندن میں طبی معائنہ ہونا ہے،  اسحاق ڈار کے بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے، اسحاق ڈار جمعرات کو عدالت میں پیش ہو جائیں گے،  اگر آپ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں تو کوئی اعتراض نہیں۔ نیب نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کو عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہیں جانا چاہیے تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈارکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور ملزم کو 2 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ملزم اسحاق ڈار کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ استغاثہ کی جانب سے آج 4 گواہ عدالت میں پیش کئے گئے جن میں مسعود غنی، عبد الرحمان گوندل، فیصل شہزاد اور محمد عظیم شامل ہیں۔ استغاثہ کے گواہ عبد الرحمان گوندل نے 2 تھیلوں میں مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جس کے بعد اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے اس کا جائزہ بھی لیا۔

No comments.

Leave a Reply