ایران اور عراق میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی، ہزاروں زخمی

ایرانی حکام نے سرکاری طور پر 407 افراد کی ہلاکت اور 6 ہزار 700 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے

ایرانی حکام نے سرکاری طور پر 407 افراد کی ہلاکت اور 6 ہزار 700 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے

تہران ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں خوفناک زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعاد 400 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 7 ہزار 700 سے زائد زخمی اور سینکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ  کے مطابق اتوار کی رات ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے باعث جانی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔ امریکی ارضیاتی سوسائٹی (یو ایس جی ایس) کی ویب سائٹ  کے مطابق شدید زلزلے کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے  جس کے نتیجے میں کئی دیہات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ زلزلے میں زیادہ جانی اور مالی نقصان ایران میں ہوا ہے جہاں عراق سے ملحقہ اس کے 14 صوبے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ایرانی حکام نے سرکاری طور پر 407 افراد کی ہلاکت اور 6 ہزار 700 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے علاوہ سینکڑوں افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس زلزلے سے 87 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔  دوسری جانب عراق میں 6 افراد کی ہلاکت اور 50 کے قریب زخمیوں کی تصدیق کی جا چکی ہیں۔ ایران میں زلزلے کے بعد 118 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ہیں اور مزید کا خطرہ ہے۔  زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارتیں اور مکانات زمین بوس ہو گئے جبکہ بہت سے دیہات ہی صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔  متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا جا رہا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات آنے والی اس قدرتی آفت کا مرکز عراق کے علاقے Slamania میں تھا جس کی گہرائی 33 کلو میٹر تھی۔ زلزلہ اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ اسے عراق کے دارالحکومت بغداد اور پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیا گیا۔

No comments.

Leave a Reply