آئندہ انتخابات میں دینی جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد Muttahida Majlis-e-Amal فعال ہو چکا ہے ہم آئندہ انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ آئندہ انتخابات میں دینی جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے۔ کسی مذہبی جماعت کے رہنما کا نام پانامہ یا نیب لسٹ میں نہیں ہے۔ حکومت کسی معاملے پر بھی عوام کو مطمئن نہیں کر سکی۔ ختم نبوت کے مسئلے پر گیند اب بھی حکومت کی کورٹ میں ہے۔  جب تک راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے نہیں آتی، اور ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا، عوام کے اندر بے چینی اور حکومت کے خلاف نفرت موجود رہے گی۔ رانا ثنا اللہ جیسے لوگوں کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں کارکنوں کے اجتماع اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں۔ اقتدار کی باریاں لینے، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کے اندر کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایک شعور پیدا کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے۔

No comments.

Leave a Reply