شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان عسکری مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق

شمالی و جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سرحد پر کشیدگی کو کم کیا جائے گا

شمالی و جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سرحد پر کشیدگی کو کم کیا جائے گا

سیئول  ۔۔۔ نیوز ٹائم

 شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات میں گزشتہ 2 برس سے جمی برف پگھلنے لگی۔ دونوں ملکوں نے سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے عسکری مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق کر لیا ہے۔ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہونے والے پہلے اعلی سطح کے اجلاس میں شمالی و جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سرحد پر کشیدگی کو کم کیا جائے گا  اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان 2 برس سے معطل عسکری ہاٹ لائن بحال کی جائے گی۔  اس کے علاوہ شمالی کوریا نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ فروری میں جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں بھی اپنا وفد بھیجے گا۔

مذاکرات میں شریک جنوبی کورین وفد نے بتایا کہ بات چیت کے دوران شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تاہم اس معاملے پر شمالی کوریا کا رویہ منفی تھا۔ امریکا نے شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا محتاط طریقے سے خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا جنوبی کورین حکام سے رابطے میں ہے  اور انہیں یہ بات یقینی بنانی ہو گی کہ شمالی کوریا کی ونٹر اولمپکس میں شرکت سے اقوام متحدہ کی پابندیاں متاثر نہ ہوں۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے وفد کی ونٹر اولمپکس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی مشاورت سے بعض پابندیاں عارضی طور پر ختم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات دونوں ملکوں کی سرحد کے درمیان غیر عسکری علاقے Panmunjom پِیس ولیج میں منعقد ہوئے جس میں دونوں ملکوں کے پانچ، پانچ سینئر عہدے داروں نے شرکت کی جبکہ دونوں ملکوں کے رہنماں نے ویڈیو لنک کے ذریعے ان مذاکرات کو دیکھا۔ یاد رہے دونوں ملکوں کے درمیان آخری بار مذاکرات 2015 ء میں ہوئے تھے۔ اس کے بعد شمالی کوریا نے راکٹ لانچ اور جوہری تجربات کیے تھے جس کی وجہ سے جنوبی کوریا نے اس کے ساتھ مشترکہ اقتصادی پروجیکٹ معطل کر دیا تھا اور دونوں ملکوں کے تعلقات بظاہر ختم ہو گئے تھے۔

No comments.

Leave a Reply