تھائی وزیر اعظم کا صحافیوں کے سوالات سے بچنے کا انوکھا طریقہ

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم اور سابق آرمی چیف پرایوتھ چن اوچا

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم اور سابق آرمی چیف پرایوتھ چن اوچا

بنکاک  ۔۔۔ نیوز ٹائم

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم  Prayuth Chan-ocha نے صحافیوں کے تند و تیز سوالات سے بچنے کا انوکھا طریقہ اپنایا جسے انسانی حقوق کی تنظیم شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیر اعظم اور سابق آرمی چیف Prayuth Chan-ocha نے صحافیوں کے سوالوں سے بچنے کے لیے کاغذ کے گتے کے اپنے متعدد مجسمے بنا رکھے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تھائی وزیر اعظم  Prayuth Chan-ocha کی قد و قامت سے ملتے جلتے تقریبا  17 مجسمے تیار کیے گئے ہیں جن میں وزیر اعظم مختلف پوز دے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں تھائی لینڈ میں بچوں کا دن منایا گیا، اس موقع پر Prayuth Chan-ocha نے گورنمنٹ ہائوس میں طویل خطاب کیا جس کے بعد ان کا گتے کا ایک مجسمہ لا کر ان کے برابر میں کھڑا کر دیا گیا۔  Prayuth Chan-ocha نے مجسمے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ آپ ان سے سوالات کر سکتے ہیں۔ یہ سن کر صحافی ہکے بکے رہ گئے، اس معاملے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر تو خاص توجہ حاصل نہ ہو سکی البتہ ہیومن رائٹس واچ نے اس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ تھائی وزیر اعظم Prayuth Chan-ocha کے صحافیوں سے بے تکے سلوک کی تازہ مثال ہے۔ تھائی لینڈ میں ہیومن رائٹس واچ کے محقق Sunai Phasuk نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے آمر وزیر اعظم Prayuth Chan-ocha میڈیا کا سامنا کرنے کی جرت نہیں رکھتے اور ان میں تنقید کو سننے کا حوصلہ نہیں ہے۔ تھائی لینڈ میں ہر سال جنوری کے دوسرے ہفتے بچوں کا دن منایا جاتا ہے،  اس روز فوجی اڈوں کو بچوں کے لیے کھول دیا جاتا ہے جہاں بچے ہتھیاروں اور ٹینکوں کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں جبکہ بچوں کو وزیر اعظم کے دفتر میں بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ 2014 ء میں تھائی لینڈ میں فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد سے وہاں میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں پابندیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ 2015 میں وزیر اعظم Prayuth Chan-ocha نے صحافیوں کو دھمکایا تھا کہ ان کے پاس صحافیوں کو سزا دینے کا اختیار حاصل ہے جبکہ ایک بار انہوں نے رپورٹر پر کیلے کا چھلکا بھی پھینکا تھا۔ Prayuth Chan-ocha کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر 2018 ء میں عام انتخابات کرائے گی تاہم تھائی لینڈ میں ابھی تک سیاسی مہم چلانے پر پابندی عائد ہے۔

No comments.

Leave a Reply