الیکشن 2018 کی تیاریاں: انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا آغاز

الیکشن کمیشن نے 2018 ء کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں

الیکشن کمیشن نے 2018 ء کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

الیکشن کمیشن نے 2018 ء کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں جس کے لئے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 ء کے انتخابات کے لئے پہلے مرحلے میں تصدیقی عمل مکمل کیا جائے گا جس کے دوران رائے دہندگان انتخابی فہرستوں میں اندراج، منتقلی یا درستگی کروا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفات پا جانے والے 9  لاکھ 23 ہزار  947 ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے حذف کیا جائے گا اور تصدیقی عمل کے بعد 73 لاکھ 60 ہزار 279 افراد کو بطور ووٹر درج کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں تمام انتخابی فہرستوں کو ہر مقرر کردہ سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا جبکہ نظرثانی کے بعد انتخابی فہرستوں میں درج رائے دہندگان کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے محکمہ شماریات سے حالیہ مردم شماری کے ڈیٹا سمیت تمام ریکارڈ چاروں صوبوں کے 137 اضلاع اور حلقہ بندیوں کے لئے بنائی گئی پانچ کمیٹیوں کو فراہم کر دیا ہے  جبکہ ضلعی اور ریجنل دفاتر حلقہ بندیوں کی کام کی تکمیل تک کھلے رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ تین مارچ کو مکمل کیا جائے گا جبکہ حلقہ بندیوں کا ابتدائی ڈیٹا ضلعی دفاتر میں تین اپریل تک آویزاں کر دیا جائے گا  جس پر عوام ایک ماہ تک اپنے اعتراضات دائر کر سکیں گے جنہیں الیکشن کمیشن تین مئی تک سنے گا اور تمام اعتراضاات کو نمٹانے کے بعد حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر کے سابقہ حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔

No comments.

Leave a Reply