سعودی دارالحکومت الریاض میں سینما کی بحالی کا تاریخی دن

گزشتہ روز دارالحکومت الریاض میں پہلے سینما ہال کا افتتاح کر دیا گیا ہے

گزشتہ روز دارالحکومت الریاض میں پہلے سینما ہال کا افتتاح کر دیا گیا ہے

الریاض ۔۔۔ نیوز ٹائم

سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کے تحت قائم ڈویلپمنٹ اور انویسٹمنٹ انٹرٹینمنٹ کمپنی  (ڈی آئی ای سی) کے زیر اہتمام گزشتہ روز دارالحکومت الریاض میں پہلے سینما ہال کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ امریکی کمپنی اے ایم سی انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے یہ سینما شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز میں قائم کیا گیا ہے اور اسی کمپنی کے زیر اہتمام اس میں ہالی ووڈ کی مقبول فلم بلیک پینتھر سب سے پہلے دکھائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں تفریح اور ثقافت کے شعبے سے وابستہ معروف سعودی اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ سعودی عرب کے وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر Awwad Alawwad نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ  سعودی عرب میں سینما کی واپسی مملکت کی جدید تاریخ اور ثقافتی زندگی میں ایک اہم واقعہ ہے  اور یہ مملکت میں تفریح کی صنعت کی ترقی کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ  آج ہم ویژن 2030ء کے تحت مملکت کے شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم وعدہ پورا کر رہے ہیں۔  سینما نے ہمیشہ ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سعودی عرب اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ  ایک شفاف ریگولیٹری فریم ورک کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے  کہ سعودی اور بین الاقوامی فلم سازوں کو ملک میں اپنے کام کو دکھانے کا موقع ملے۔  سعودی عرب کے جنرل کمیشن برائے آڈیو ویژل میڈیا کے ذریعے تفریح کی صنعت کو ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔ یہ کمیشن فلم تقسیم کاروں اور سینما چلانے والوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور سعودی عرب میں دکھائی جانے والی فلموں کے انتخاب کی بھی یہی منظوری دے گا۔ اے ایم سی انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈم آرون نے سینما کے افتتاح پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  دنیا بھر میں اے ایم سی کے تقریباً 1000 تھیٹرز اور 11000 سکرینیں ہیں لیکن سعودی عرب ایسا جوش و ولولہ اور کہیں دیکھنے میں نہیں آیا۔ میں نے جب حالیہ ہفتوں کے دوران میں دنیا میں مختلف لوگوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کی تو اس سے یہی نتیجہ اخذ کیا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت آئندہ 5  سال کے دوران میں 15 شہروں میں 40 سینما گھر کھولے جائیں گے۔ یہ اقدام مملکت میں تفریحی شعبے کی ترقی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ 2030 تک 25 سعودی شہروں میں 100 تھیٹر قائم کیے جائیں گے۔ سعودی وزارت ِاطلاعات کے مطابق 2030ء تک مختلف شہروں میں 350 سینما تھیٹر کھولے جائیں گے اور ان کی 2500 سکرینیں ہوں گی۔ سینمائوں کے قیام سے سعودی عرب میں 2030ء تک 30 ہزار سے زیادہ افراد کو کل وقتی روزگار میسر آئے گا اور جزوقتی روزگار کے 130000  سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔

No comments.

Leave a Reply