افغان جنگ ختم، ڈرون حملے محدود کرنے کا اعلان: امریکی صدر

امریکی صدر باراک اوباما

امریکی صدر باراک اوباما

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر باراک اوباما نے افغان جنگ کے خاتمے اور ڈرون حملے محدود کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ کانگریس کی جانب سے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی بھی مخالفت کردی۔ گزشتہ روز ایوان نمائندگان کے ایک مشترکہ اجلاس سے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک افغان جنگ ختم کردی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف محدود پیمانے پر ڈرون حملے جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے بعد افغان فورسز کو ٹریننگ دینے کیلئے محدود پیمانے پر امریکی فوجی افغانستان میں رہیں گے، تاہم رواں سال کے اختتام کے بعد سیکیورٹی کی ذمہ داری افغان حکومت کی ہوگی، تاہم امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے فوجی افغانستان میں قیام کریں گے۔ باراک اوباما نے القاعدہ اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ڈرون حملے محدود کرنے اور انہیں اتحادیوں کے ذریعے شکست دینے کا اعلان کیا۔ امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ جنگ کے ذریعے اپنے ملک کو دہشت گردوں سے محفوظ نہیں بنا سکتے، اس لیے یمن، صومالیہ، عراق اور مالی میں دہشت گردوں کو مقامی اتحادیوں اور محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ ڈرون حملوں کے ذریعے شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کیوبا اور گوانتانامو جیل سے القاعدہ اور طالبان قیدیوں کی منتقلی پر پابندی ختم کرنے اور جیلیں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ اگر ایرانی رہنما اس موقع سے فائدہ اٹھا کر عالمی ممالک سے تعلقات بحال کرسکتا ہے تو ہم جنگ کے بغیر سیکیورٹی چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ امریکہ صدر بشار الاسد کو ہٹانے کیلئے شامی اپوزیشن کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط امریکی سفارت کاری سے شام کے کیمیائی ہتھیار تلف کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ اسرائیل، فلسطین امن عمل کے حصول کی حمایت کے حوالے سے امریکی سفارت کاری قابل تحسین ہے۔

No comments.

Leave a Reply