یکم مئی: مزدوروں کا عالمی دن کل منایا جائے گا

یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے 8 گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا

یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے 8 گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا

کراچی  ۔۔۔ نیوز ٹائم

 یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے۔  یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کرنے کیلئے آواز اٹھانا ہے۔ یہ دن 1886ء میں Chicago کے مقام پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہونے والے احتجاج کا نتیجہ ہے۔  اس موقع پر دنیا بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز کانفرنسز اور ریلیاں منعقد ہوتی ہیں۔ یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے 8 گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا جس میں ٹریڈ یونینز اور مزدور تنظیمیں، اور دیگر سوشلسٹک اداروں نے کارخانوں میں ہر دن 8 گھنٹے کام کا مطالبہ کیا۔ اس مطالبہ کو تمام قانونی راستوں سے منوانے کی کوشش ناکام ہونے کی صورت میں یکم مئی کو ہی ہڑتال کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ جب تک مطالبات نہ مانے جائیں یہ تحریک جاری رہے گی۔ 16-16 گھنٹے کام کرنے والے مزدوروں میں 8 گھنٹے کام کا نعرہ بہت مقبول ہوا۔

اس دن امریکہ کے محنت کشوں نے مکمل ہڑتال کی، 3 مئی کو اس سلسلے میں شکاگو میں منعقد مزدوروں کے احتجاجی جلسے پر حملہ ہوا جس میں 4 مزدور شہید ہوئے، اس بربریت کے خلاف محنت کش احتجاجی مظاہرے کے لئے جمع ہوئے،  جس میں 25000 سے زائد مزدورں نے احتجاج کیا، اس احتجاج کو روکنے کیلئے حکمران طبقات کے پاس محنت کشوں پر ریاستی تشدد کا راستہ اپنانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچ چکا تھا۔ پولیس نے مظاہرہ روکنے کے لئے محنت کشوں پر تشدد کیا اسی دوران بم دھماکے میں ایک پولیس افسر ہلاک ہوا  تو پولیس نے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں بے شمار مزدور شہید ہوئے اور درجنوں کی تعداد میں زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کے فوراً بعد چھاپے اور گرفتاریوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا جس میں کئی مزدور رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا اور سزائیں بھی دیں گئیں۔ حالانکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں تھا کہ وہ اس واقعے میں ملوث ہیں، انہوں نے مزدور تحریک کے لئے شہادت دے کر سرمایہ دارانہ نظام کا انصاف اور بربریت واضح کر دی،  ان شہید ہونے والے رہنمائوں نے کہا کہ تم ہمیں جسمانی طور پر ختم کر سکتے ہو لیکن ہماری آواز نہیں دبا سکتے۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں دنیا بھر میں محنت کشوں نے 8 گھنٹے کے اوقات کار حاصل کئے۔

سن 1989 ء میں Raymond Levin کی تجویز پر یکم مئی 1890ء کو یوم مئی کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔ اس دن کی تقریبات بہت کامیاب رہیں۔  اس کے بعد یہ دن  عالمی یوم مزدور کے طور پر منایا جانے لگا۔

No comments.

Leave a Reply