پاور شو آف مینار پاکستان: عمران خان نے 11 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کر دیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کیلئے 11 نکاتی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میں آیا تو ان نکات پر عمل کر کے قوم کو نیا پاکستان بنا دوں گا قوم نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا میں بھی انہیں مایوس نہیں کروں گا خون کے آخری قطرے تک عوام کے حقوق کیلئے لڑوں گا کسی سے قرض لینے کی ضرورت نہیں قوم سے پیسے جمع کر کے دکھاوں گا ن لیگ کہتی ہے میں لاڈلا ہوں دراصل میں اپنی ماں کا لاڈلا ہوں جن ضمیر فروشوں نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچے ان کی نوٹ لیتے وقت کی ویڈیو موجود ہے مستقبل میں PTI کو کوئی شکست نہیں دے سکے گا 5  ملین سستے گھر بنائیں گے  شوگر مافیا کو نہیں چھوڑوں گا فیڈریشن کو مضبوط صوبوں کو حقوق دیں گے  سول کیس ایک سال سے زیادہ نہیں چلے گا خواتین کو جائیداد میں حق دلائیں گے۔ وہ اتوار کو لاہور مینار پاکستان پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، Parvez Khattak ، Jahangir Tareen و دیگر نے اپنی تقاریر میں کہا کہ منزل قریب آ گئی ہے۔ قوم نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو مواقع دے کر دیکھ لیا مگر تبدیلی نہیں آئی اب قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی بلکہ ملک کو بھی رسوا کیا۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم لائیں گے صحت کا شعبہ بہتر بنائیں گے ٹیکس کا نظام درست کرپشن کا خاتمہ کریں گے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ نوجوانوں کو روزگار دیں گے  سیاحت کو فروغ دیا جائے گا ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی وفاق کو مضبوط پولیس میں اصلاحات لائیں گے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پروگرام شروع کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ قوم نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا ہر مرحلے پر میری مدد کی میں بھی انہیں مایوس نہیں کروں گا اور خون کے آخری قطرے تک عوام کے حقوق کے لیے لڑوں گا  انہوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے میں لاڈلا ہوں حالانکہ میں اپنی ماں کا لاڈلا ہوں انہوں نے کہا کہ میں کبھی ہار نہیں مانتا آخر تک لڑتا ہوں،

تحریک انصاف مشکل ادوار گزارنے کے بعد آج ایک بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے، PTI ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے  وقت ثابت کرے گا کہ اس پارٹی کو کوئی شکست نہیں دے سکے گا اپنے 11 نکات پیش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو ایک بنانے کے لیے ایک تعلیمی نصاب لائیں گے۔صحت کے شعبے میں عوام کے لیے ہیلتھ انشورنس لے کر آئیں گے اور اس مد میں 8000 روپے ہر سال قوم سے اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسرا کام میں اپنی قوم سے پیسہ جمع کر کے دکھاوں گا اور کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عمران خان نے کہا کہ میں کرپشن کو روکنے کے لیے نیب کو مضبوط کروں گا، عدالتوں اور دیگر اداروں کو مضبوط کروں گا اور اس کی مثال بھی سامنے ہے کہ ہم نے 20 اراکین اسمبلی کو نکال دیا ہے انہوں نے پارٹی سے نکالے گئے اراکین صوبائی اسمبلی کے حوالے سے کہا  کہ ان کے حوالے سے ہمارے پاس ویڈیو ہے جہاں وہ پیسے لے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو روکیں گے اور بیرون ملک سے پیسہ واپس لائیں گے اور تعلیم پر خرچ کریں گے۔ پانچویں نکتے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاری لے کر آئیں گے جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں کمی آئے گی۔ عمران خان نے چھٹے نمبر پر روزگار کو شامل کیا اور کہا کہ 5 ملین سستے گھر بنائیں گے جس کے حوالے سے تفصیلات بعد میں بتائیں گے ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے خوبصورت ملک دیا ہے اور سب سے آسان کام سیاحت میں روزگار نکالنا ہے اس لیے ہر سال چار نئے مقامات کھولیں گے اور پورے ملک کو سیاحوں کا مرکز بنائیں گے۔آٹھواں نکتہ زراعت میں اصلاحات ہوں گی کیونکہ کسان کی کسی کو فکر نہیں ہے حالانکہ وہ پورے سال محنت سے کام کرتا ہے  اور خاص کر شوگر مل مافیا نے نقصان پہنچایا ہوا ہے لیکن اس مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔

عمران نے کہا کہ ہم فیڈریشن کو مضبوط کریں گے اور سارے صوبوں کو ان کے حقوق دیں گے اور آتے ہی انتظامی سطح پر جنوبی پنجاب صوبہ کا اعلان کریں گے اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں فوری طور پر ضم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں جو نقصانات ہوئے ہیں وہ پورے کریں گے اور زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز دیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ سارے پاکستان میں بلدیاتی نظام لائیں گے اور میئر کا انتخاب بھی براہ راست ہو گا اور فنڈ اراکین اسمبلی کے بجائے ان نمائندوں کو دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ماحولیات میں کام کریں گے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کریں گے، دریائوں کو صاف کرنے کے منصوبے بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ لے کر آئیں گے اور پولیس میں اصلاحات لائیں گے اور پولیس کو غیر سیاسی کریں گے اور ایک دن لوگ کہیں گے کہ پنجاب پولیس زندہ باد۔  PTI  چیئرمین نے کہا کہ کے پی میں چیف جسٹس کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ سول کیس ایک سال سے زیادہ نہیں جائے گا، کے پی میں ریٹائرڈ جج، فوجی اور بیوروکریٹ بیٹھ کر فوری فیصلے کرتے ہیں وہی نظام پورے پاکستان میں لائیں گے۔ اپنا آخری نکتہ پیش کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ خواتین کو تعلیم دیں گے اور اسکول بنائیں گے  ہر نئے تین اسکولوں میں دو بچیوں کے لیے ہوں گے اور ہر 100 کالجوں میں سے 70 کالج لڑکیوں کے لیے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عورتوں کو قانونی تحفظ دینا ہے جس کے لیے ہم نے کے پی میں خواتین کے پولیس اسٹیشن کھولے ہیں  اسی طرح پولیس اسٹیشن بنائیں گے اور قانون کے ذریعے خواتین کو جائیداد کے اندر حق دلائیں گے۔

No comments.

Leave a Reply