امریکہ میں غیر معمولی برفانی طوفان، 13 افراد ہلاک 800 ٹریفک حادثات

امریکہ میں غیر معمولی طوفان زندگی مفلوج

امریکہ میں غیر معمولی طوفان زندگی مفلوج

اٹلانٹا ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی جنوبی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے آفت برپا کر دی ہے۔ زمینی اور فضائی ٹریفک متاثر جبکہ شہریوں کو گھروں تک ہی محدود ہونا پڑا۔ مختلف حادثات میں اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکی کی جنوبی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے نظام زندگی کو منجمد کر دیا ہے۔ ریاست ٹیکساس سے جارجیا اور جنوبی کیرولینا شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ سات جنوبی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ ریاست جارجیا میں ایک اور الاباما میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہزاروں افراد 18 گھنٹے سے زائد سڑکوں پر پھنسے رہے جبکہ 800 کے قریب ٹریفک حادثات پیش آئے۔ ورجینیا کے ساحلی علاقوں میں دس انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ شمالی اور جنوبی کیرولینا میں شدید برفباری ہوئی ہے، سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں دفاتر و تعلیمی ادارے بند اور ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، انتظامیہ نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سخت سردی کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ گزشتہ روز اس طوفان میں کم ازکم سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ خطے کے تقریباً چھ کروڑ عوام اس سے متاثر ہیں۔ اٹلانٹا کے میئر پر طوفان سے نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے کافی تنقید کی جا رہی ہے۔ سینکڑوں بچے رات تک اسکولوں میں پھنسے رہ گئے جن کے پاس کھانے پینے کا سامان بھی میسر نہیں تھا۔ میئر کا کہنا تھا کہ شہر میں دس لاکھ سے زیادہ لوگ سڑکوں پر تھے اور موسم بہت خراب تھا، اس کی وجہ سے ہم برف صاف کرنے والی مشینیں سڑک پر نہیں اتار سکے اور سڑکوں کو صاف نہیں کیا جا سکا۔ یہ ہماری غلطی تھی کہ ہم نے ہر کسی کو باہر آنے دیا۔

No comments.

Leave a Reply