امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات منسوخ کر دی، شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کی تجرباتی سائٹ کو تباہ کر دیا

تجرباتی سائٹس پنگئی ری کو 5 گھنٹوں کے دوران دھماکوں سے تباہ کیا گیا

تجرباتی سائٹس پنگئی ری کو 5 گھنٹوں کے دوران دھماکوں سے تباہ کیا گیا

واشنگٹن، پیانگ یانگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 12 جون کو  شمالی کوریا کے رہنما Kim Jong-Un سے ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ نے آئندہ ماہ سنگاپور میں شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی  جبکہ  اس حوالے سے Kim Jong-Un کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو بھیجے گئے خط میں لکھا کہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ حالیہ دنوں میں شمالی کوریا کی جانب سے  آنے والے بیانات جارحیت پر مبنی تھے  جس سے لگتا ہے موجودہ حالات ملاقات کے لیے سازگار نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے دونوں ممالک کے درمیان تنائو میں کمی آئی تھی اور کشیدگی ختم ہوتی دکھائی دی   تاہم شمالی کوریا کے رہنما  نے جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ عمل نہ رکا تو  ملاقات منسوخ کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کی تجرباتی سائٹ کو تباہ کر دیا۔ غیر ملکی صحافیوں کی موجودگی میں جوہری تجرباتی سائٹس ختم کرنے کا کام کیا گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے شمال مشرقی پہاڑی علاقے میں زیر زمین موجود جوہری تجرباتی سائٹس Punggye-ri  کو 5 گھنٹوں کے دوران دھماکوں سے تباہ کیا گیا۔ اس جوہری تجربہ گاہ سے شمالی کوریا نے 6 جوہری تجربات کیے جبکہ جوہری سائٹس کے خاتمے کا اعلان شمالی کوریا کے سربراہ Kim Jong-Un نے کیا تھا جس کے بعد امریکا کے صدر ٹرمپ سے Kim Jong-Un کی ملاقات 12 جون کو طے پائی۔

No comments.

Leave a Reply