منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا آج سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

سابق صدر آصف علی زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے آج سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری  اور ان کی بہن فریال تالپور گزشتہ روز ایف آئی اے کے روبرو پیش نہیں ہوئے  تاہم ان کی قانونی ٹیم ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئی جنہوں نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا  جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور انتخابی مہم میں مصروف ہیں لہذا دونوں 25 جولائی کے بعد پیش ہو سکتے ہیں۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے قانونی و سیاسی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد آج سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے  اور اس موقع پر وکلا کی ٹیم بھی آصف علی زرداری کے ہمراہ ہو گی  جبکہ پارٹی رہنمائوں کو سپریم کورٹ میں ساتھ لے جانے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے  تاہم نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر کا سابق صدر کے ہمراہ عدالت جانے کا امکان ہے۔  واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کو آج سپریم کورٹ اسلام آباد طلب کر رکھا ہے  جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت 35 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply