امریکا ناقابل بھروسہ ہے ایرانی صدر کا شمالی کوریا کو مشورہ، امریکا کا روس پر بھی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

ایرانی صدر حسن روحانی اور شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یانگ ہو

ایرانی صدر حسن روحانی اور شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یانگ ہو

تہران، واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو ناقابل بھروسہ ملک قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا کو محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تہران میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ Ri Yong Hoنے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کو امریکا کے ساتھ تعلقات پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ حسن روحانی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان برسوں کشیدگی کے بعد تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔تاہم Ri Yong Hoنے امریکا کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ اور ٹرمپ کے درمیان سنگاپور ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے کسی سینئر عہدے دار کا یہ ایران کا پہلا دورہ ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ امریکی صدر 3 سال قبل منظور کی جانے والی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹ کیا کہ امریکا، ایران کو تیل کی برآمد سے نہیں روک سکتا۔ ایران تیل کی برآمد جاری رکھے گا،  ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کو زبردستی ایران سے تیل خریدنے میں روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کی غصہ اور ٹوئٹس سے یہ حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی کہ دنیا اب امریکا سے تنگ آ چکی ہے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناورٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ ایران مشرق وسطی میں استحکام کو ختم کر رہا ہے۔  تہران کو چاہیے کہ خطے میں حالات کی بہتری کے لیے اپنے رویہ تبدیل کرے اور اپنے شہریوں کی حالت پر توجہ دے۔ ایرانی رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ایران کو کسی قسم کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

 دوسری جانب امریکا نے روس پر سابق جاسوس کو کیمیائی زہر دینے کے معاملے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ روس پر عائد نئی پابندیوں کا اطلاق 22 اگست سے ہو گا۔امریکا، برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہریلے مواد کے ذریعے ہلاک کرنے کی کوشش پر روس کے خلاف تازہ پابندیاں عائد کرے گا۔ سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی مارچ میں برطانیہ کے علاقے سیلسبری کے شاپنگ سینٹر کے بینچ پر بے ہوش پائے گئے تھے۔ برطانیہ کے تفتیش کاروں نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کیا تھا لیکن روس نے اس حملے میں اپنے ملوث ہونے کی تردید کی۔ برطانوی حکومت نے روس کے خلاف امریکا پابندیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ پابندیوں کے بعد روس حساس الیکٹرانک آلات اور دیگر ٹیکنالوجی کو درآمد نہیں کر سکے گا۔ یاد رہے کہ امریکہ رواں ماہ چین کی 16 ارب ڈالر کی درآمدات روکنے کیلئے بھاری ٹیکس عائد کر رہا ہے جس پر چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ پھیلتی نظر آتی ہے جبکہ صدر ٹرمپ ،ایران پر بھی چند روز قبل پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply