بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپردِ خاک کر دیا گیا

بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپردِ خاک کر دیا گیا

بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپردِ خاک کر دیا گیا

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

بیگم کلثوم نواز کو میاں شریف کے پہلو میں سپردِ خاک، میڈیکل کمپلیکس گرائونڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، گورنر پنجاب، چودھری برادران، خورشید شاہ اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ مولانا طارق جمیل کی امامت میں ادا کر دی گئی ہے۔  شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جانے والی مرحومہ کی نمازِ جنازہ میں غیر ملکی شخصیات، اہم سیاسی قائدین اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز نیب ریفرنس میں مطلوب ہونے کی وجہ سے پاکستان نہیں آئے۔

سیاسی قائدین کی شرکت:

نماز جنازہ میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کے قائدین کے علاوہ  سیاسی رہنمائوں اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی جمعے کی صبح پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور لایا گیا،  میت کے ہمراہ شہباز شریف، اسما نواز، داماد عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹوں سمیت خاندان کے 14 افراد بھی تھے۔ لاہور ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور جنید صفدر نے بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی  جس کے بعد میت کو سخت سیکیورٹی حصار میں شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا پہنچایا گیا۔

لندن میں نماز جنازہ:

گزشتہ روز سابق خاتون اول کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں بھی نماز جنازہ ادا کی جا چکی ہے جس میں شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، چودھری نثار اور اسحاق ڈار کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔ واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ برس سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں  اور لندن میں ان کا علاج جاری تھا۔  وہ 11 ستمبر کو انتقال کر گئی تھیں جبکہ پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 17 ستمبر تک پرول پر رہا کر رکھا ہے۔

No comments.

Leave a Reply