سمندری طوفان فلورنس سے کم از کم چار افراد ہلاک

طوفان کے ساتھ چلنے والی ہوائوں کی رفتار 165 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے

طوفان کے ساتھ چلنے والی ہوائوں کی رفتار 165 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے

کیرولائنا ۔۔۔ نیوز ٹائم

سمندری طوفان فلورنس کے جمعے کے روز نارتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد تیز ہوائوں اور شدید بارشوں نے علاقے میں تباہی پھیلا دی ہے۔ Wilmington کی پولیس نے بتایا ہے ایک مکان پر درخت گرنے سے ایک عورت اور اس کا بچہ ہلاک ہو گیا۔  ایک اور واقعہ میں Pender County میں ایک عورت ہارٹ اٹیک سے ہلاک ہو گئی  کیونکہ درخت گرنے سے سڑکیں اور راستے بند پڑے ہیں اور اطلاع کے باوجود ایمبولینس مریضہ کے گھر نہیں پہنچ سکی۔  نارتھ کیرولائنا کے گورنر نے کہا ہے کہ چوتھا شخص کرنٹ لگنے سے اس وقت ہلاک ہوا جب وہ اپنا جنریٹر آن کر رہا تھا۔

Craven County کے حکام نے بتایا ہے کہ سینکڑوں لوگوں کو سیلابی پانیوں سے بچا کر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔  حکام کا کہنا ہے کہ انہیں New Bern قصبے سے مدد کے لیے 150 سے زیادہ فون کالز موصول ہوئیں،  کیونکہ وہاں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ سمندری طوفان فلورنس مسلسل نارتھ اور ساتھ کیرولائنا کی ریاستوں کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں تیز ہوائوں اور بارشوں سے شاہراہیں ڈوب گئی ہیں اور دریا اپنے کناروں سے ابل پڑے ہیں۔ سمندری طوفانوں سے متعلق امریکہ کے قومی مرکز نے بتایا ہے  کہ اب فلورنس آہستہ آہستہ نارتھ کیرولائنا کے اندر جنوب مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کی ہوائوں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔

امریکی قومی مرکز کا یہ بھی کہنا ہے کہ توقع ہے کہ طوفان اسی سمت آگے بڑھتا رہے گا  اور جمعے کی رات اور ہفتے کے روز ساتھ کیرولائنا کے جنوب مشرقی علاقے میں داخل ہو جائے گا۔ اس سے پہلے عہدے داروں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ جمعے کو طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد لاکھوں لوگوں کے لیے مسائل اور پریشانیوں میں اضافہ ہو گا۔ سمندری طوفانوں سے متعلق امریکہ کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ اگرچہ فلورنس کا درجہ کم ہو چکا ہے  اور اس وقت وہ طوفانوں کے پانچ درجے کے اسکیل پر دوسرے درجے پر ہے،  لیکن اس کے باوجود طوفان فلورنس بدستور خطرناک ہے اور اس کے متعلق کوئی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے ساتھ چلنے والی ہوائوں کی رفتار 165 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے  اور شدید بارش کے ساتھ مل کر وہ بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ اس سے قبل امریکی مرکز نے بتایا تھا کہ جمعے کے روز طوفان کے نارتھ کیرولائنا کے ساحلی قصبے کیپ فیئر سے ٹکرانے کے بعد وہاں 40 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ نارتھ کیرولائنا کے گورنر نے کہا ہے کہ ہریکین فلورنس کو کسی نے دعوت نہیں دی لیکن وہ یہاں پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اگرچہ طوفان کی شدت کا درجہ کم ہو چکا ہے،  لیکن وہ چوکس اور ہوشیار رہیں۔  اپنی حفاظت کا انتظام کریں، یہ ایک طاقتور طوفان ہے جو ہلاک بھی کر سکتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply