امریکہ میں تعینات پاکستانی سابق سفیر حسین حقانی کے مستقل وارنٹ گرفتاری جاری

امریکہ میں تعینات پاکستانی سابق سفیر حسین حقانی

امریکہ میں تعینات پاکستانی سابق سفیر حسین حقانی

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسلام آباد میں ایف آئی اے مقدمات کے لیے قائم خصوصی عدالت نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور اشتہاری ملزم حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ ان وارنٹس کے مطابق وہ جب بھی پاکستانی حدود میں ہوں گے، اس کیس میں انہیں گرفتار کرنے کے لیے یہ وارنٹ ہمیشہ قابل استعمال ہوں گے۔ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی جج ارم نیازی کی عدالت میں اشتہاری ملزم حسین حقانی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ حسین حقانی نے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے فنڈز میں 20 لاکھ ڈالر کی خوردبرد کی، وہ جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں اور کراچی میں ان کے گھر پر اشتہار بھی چسپاں کیا گیا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر اشتہاری ملزم حسین حقانی کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے فائل داخل دفتر کر دی۔

رواں برس مارچ میں ایف آئی اے نے سابق سفیر پر سفارت خانے کے فنڈز میں خردبرد اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا تھا اور سیکشن 3، 4 409، 420 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔ سابق سفیر حسین حقانی میمو گیٹ اسیکنڈل میں کیس کا سامنا کر رہے تھے۔  اس دوران وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک روانہ ہوئے، لیکن پھر واپس نہیں آئے جس پر عدالت کی جانب سے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انٹرپول کو خط لکھا  اور ان کی گرفتاری کے لیے مدد مانگی تھی لیکن انٹرپول کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ میمو گیٹ کیس کی گزشتہ سماعت میں عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے حسین حقانی کو ملک واپس لانے کا ڈرافٹ پیش کیا تھا، جس کے مطابق ریڈ وارنٹ بھی انہیں امریکہ سے واپس نہیں لا سکتا لیکن انہیں نیب کے ذریعے ملک لایا جا سکتا ہے۔ حسین حقانی میمو گیٹ اسیکنڈل کے بعد ایک عرصہ سے امریکہ میں ہی مقیم ہیں۔

No comments.

Leave a Reply