بریگزٹ پلان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے لیے زیادہ مناسب نہیں : ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسامے کا بریگزٹ پلان یورپی یونین کے لیے شاندار لیکن امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے لیے زیادہ مناسب نہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے بریگزٹ پلان کو امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بریگزٹ پلان یورپی یونین کے لیے ایک عظیم معاہدہ ہے جس سے وہ کافی فوائد حاصل کر سکیں گے لیکن اس معاہدے کے مندرجات سے امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے جسے سنجیدگی سے دیکھنا ہو گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ میرے خدشات درست نہ ہوں اور بریگزٹ پلان میں ایسا کچھ بھی نہ ہو جس سے امریکا اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات پر ضرب پڑتی ہو لیکن اگر ایسا ہے تو یہ سنگین معاملہ ہے جسے ایک مرتبہ پھر دیکھنے کی شدید ضرورت ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں امریکی صدر کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بریگزٹ ڈیل کے تحت برطانیہ، امریکا کے ساتھ بھی اس طرح تجارتی معاہدے کر سکے گا جیسا وہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ کرتا ہے، برطانیہ اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدوں کے خدوخال پر کام جاری ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں یورپی یونین کے تمام رہنمائوں نے برسلز میں ہونے والی خصوصی تقریب میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے بریگزٹ پلان پر دستخط کیے تھے۔  جس کے بعد اب بریگزٹ ڈیل کو برطانوی پارلیمنٹ سے منظور کرانا ہو گا اور یوں برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

No comments.

Leave a Reply