سارک کا اجلاس پاکستان میں ہوا تو بھارت اس میں شرکت نہیں کرے گا: بھارتی وزیر خارجہ

سارک کا اجلاس پاکستان میں ہوا تو بھارت اس میں شرکت نہیں کرے گا: بھارتی وزیر خارجہ

سارک کا اجلاس پاکستان میں ہوا تو بھارت اس میں شرکت نہیں کرے گا: بھارتی وزیر خارجہ

نئی  دہلی ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان میں کرتار پور راہداری کے افتتاح کی تقریب میں شرکت سے انکار کرنے والی بھارتی وزیر خارجہ  سشما سوراج نے الزام لگانے  کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا  اور اعلان کیا کہ اگر سائوتھ ایشیئن ایسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن (سارک) کا اجلاس پاکستان میں ہوا تو بھارت اس میں شرکت نہیں کرے گا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر نے کرتار پور راہداری کھولنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے کے تمام تر امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک پاکستان، بھارت میں دہشت گردی کی کارروائیاں نہ روک دے۔ سشما سوراج نے بھارتی عزائم ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس اقدام سے دونوں ممالک میں مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ اپنے تلخ بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کافی سالوں سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کر رہی ہے جبکہ پاکستان نے پہلی مرتبہ اس کا مثبت جواب دیا ہے۔

سشما سوراج کا حالیہ بیان پاکستان میں کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کے انعقاد کے تناظر میں سامنے آیا  جس میں شرکت کے لیے بھارتی وزرا کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ واضح رہے کہ کرتار پور راہداری کا معاملہ طویل عرصے سے بھارتی عدم دلچسپی کے باعث التوا کا شکار تھا  جبکہ پاکستان کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت سے اب تک اس سلسلے میں متعدد مرتبہ تجاویز اور اعلانات کیے جا چکے ہیں۔ قبلِ ازیں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کرتار پور منصوبہ پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے تعلقات کو معمول پر لانے کی انتھک کوششوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی نئی راہیں کھولنے کا سبب بنے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ اپنی پالیسی میں بہت واضح ہے جبکہ بھارت اس حوالے سے کشمکش کا شکار ہے جس کی وجہ سے ستمبر میں ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ کی ملاقات کو بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply