اقوام متحدہ کی سفیر بننے والی شوبز خواتین

ماہرہ خان، پریانکا چوپڑا، انجلینا جولی اور نکول کڈمین

ماہرہ خان، پریانکا چوپڑا، انجلینا جولی اور نکول کڈمین

نیوز ٹائم

دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا بھر کے ممالک کے مسائل حل کرنے اور آئندہ نسلوں کو عالمی جنگ کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے 24 اکتوبر 1945ء کو اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا۔ اس وقت سے لے کر اب تک یہ ادارہ، عالمی امن و سلامتی، دنیا بھر کے ممالک کے مسائل اور سیاسی بحرانوں کا حل تلاش کرنے، انسانی حقوق اور تعلیم و صحت کے مسائل پر توجہ دینے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کے لیے کوشاں ہے۔  آج موضوع تحریر اس ادارے کا قیام یا کردار نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دنیا بھر کی ان تمام خواتین کا تعارف ہے،  جو نہ صرف فلم یا ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر منوا چکی ہیں بلکہ اپنی انسان دوست شخصیت، ہمدرد اور رحم دل طبیعت کے سبب اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں میں بطور سفیر کام کر رہی ہیں۔ شوبز انڈسٹری سے وابستہ یہ خواتین اس ادارے کے جذبہ خیر سگالی کو پروان چڑھانے اور اس کی ساکھ بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں۔

انجلینا جولی:

 

بطور شوبز پرسنالٹی، انجلینا جولی کو دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔ تاہم یہ مقبولیت 2001ء میں اس وقت مزید دگنی ہو گئی جب انھیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے لیے خیر سگالی سفیر نامزد کیا گیا۔ اس میں طے پایا کہ اگلی دہائی کے دوران، انجلینا بطور اقوام متحدہ سفیر 40 فیلڈ مشن اور کم از کم 30 ملکوں اور شورش زدہ علاقوں میں موجود بے گھر افراد اور مہاجرین سے ملاقات کریں گی۔ 2012 میں اقوام متحدہ کی جانب سے انجلینا جولی کو انسانیت کے لیے بہترین خدمات انجام دینے پر اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین کے لیے خصوصی ایلچی تعینات کرنے کا ایک منفرد اعزاز دیا گیا۔

نکول کڈمین:

 

شوبز پرسنالٹی نکول کڈمین کو مشہور و معروف اداکارہ اور فیشن ماڈل کے طور پر دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ 2006 میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ کو اقوام متحدہ نے اپنے ادارہ برائے خواتین (یو این وومین) کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کیا۔ جب سے لے کر اب تک نکول کڈمین جہاں ایک طرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھاتی نظر آتی ہیں، وہیں خواتین کو بااختیار بنانے، جنگ زدہ علاقوں میں جنسی زیادتی اور تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کے شدید نفسیاتی مسائل حل کرنے اور خواتین کے حقوق کی جنگ لڑنے میں بھی خاصی مصروف ہیں۔

ماہرہ خان:

 

ماہرہ خان، دورِ حاضر میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ہیں۔ ماہرہ اپنی صلاحیتوں اور منفرد اداکاری کے سبب بالی ووڈ فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے ہمراہ بھی کام کر چکی ہیں۔ ماہرہ ایک طرف جہاں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں مسلسل نام کما رہی ہیں، وہیں انھیں گزشتہ برس مسلسل چوتھی بار پرکشش خواتین کی فہرست میں رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس اعزاز کے ساتھ گزشتہ برس ماہرہ خان کے معاشرتی مقام میں بھی مزید اضافہ دیکھنے میں آیا، جب انھیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی رضاکارانہ سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا۔  ماہرہ مہاجرین کو حقوق دلانے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا:

 

پریانکا چوپڑا کا شمار بالی ووڈ کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے، جو بالی ووڈ میں بے پناہ کامیابی سمیٹنے کے بعد ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر منوانے میں کامیاب ہوئے۔ ان دنوں پریانکا امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں۔  فلموں کی مقبول اداکارہ پریانکا چوپڑا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکارہ ہے بلکہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی سفیر بھی ہے۔ پریانکا کو یہ اعزاز 2016ء میں اقوام متحدہ کی 70ویں سالگرہ کی تقریب میں ڈیوڈ بیکھم، لانڈو بلوم، جیکی چین اور ملی بابی براون جیسے بین الاقوامی ستاروں کی موجودگی میں حاصل ہوا اور وہ سفیر کی حیثیت سے بھی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

No comments.

Leave a Reply