زرداری اور فریال کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواست کی آج سماعت، ٹرین مارچ بلاول بھٹو کا لاڑکانہ میں خطاب

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور

اسلام آباد، کراچی ۔۔۔ نیوز ٹائم

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔ آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے  کہ جعلی اکائونٹس کیس میں طلبی کے 3 سمن موصول ہو چکے، مزید کتنی انکوائریاں چل رہی ہیں کچھ پتہ نہیں، نیب کسی بھی انکوائری میں گرفتار کر سکتا ہے  لہذا ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔ قبل ازیں جعلی اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری عبوری ضمانت لے چکے ہیں،  واضح رہے کہ ایف آئی اے جعلی بینک اکائونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے  اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ  Anwar Majeed اور نجی بینک کے سربراہ Hussain Lawai بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ برس 6 جولائی کو آصف زرداری کے خلاف بینکنگ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا  جس میں سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں کاروان بھٹو اپنی منزل لاڑکانہ پہنچ گیا

بلاول بھٹو کی قیادت میں کاروان بھٹو اپنی منزل لاڑکانہ پہنچ گیا

دوسری جانب بلاول بھٹو کی قیادت میں Caravan-e-Bhutto اپنی منزل لاڑکانہ پہنچ گیا۔ کارکنوں سے اپنے خطاب میں بلاول نے کہا کہ قائم علی شاہ جیسے شریف آدمی کو نیب بلا رہا ہے، احتساب کے نام پر انتقام منظور نہیں، پیپلز پارٹی ہر پاکستانی کیلئے یکساں احتساب کا قانون لائے گی۔  بلاول بھٹو کاررواں کے دوران وزیر اعظم عمران خان پر گرجتے برستے رہے۔ انھوں نے دوران سفر 24 سے زائد مقامات پر خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے  حکومتی پالیسیوں اور عمران خان پر کڑی تنقید کی، انہوں نے دوران خطاب جہاں جیالوں کا لہو گرمایا وہیں اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ انہیں وزیر اعظم ہائوس سے اٹھنے والی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ موجود حکومت تجاوزات مسمار کرنے کے نام پر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہی ہے، ان پر تو دھوبی اور گھریلو اشیا کے اخراجات کے نام پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں لیکن ملک میں کالعدم تنظیمیں دندناتی پھر رہی ہیں۔ Caravan-e-Bhutto منگل کی صبح 11 بجے کراچی سے روانہ ہو کر آج صبح تین بجے کے قریب اپنی منزل لاڑکانہ پہنچا، کارواں ٹرین نے 9 گھنٹے کا سفر 40 گھنٹوں میں مکمل کیا۔ اس دوران پارٹی کارکنوں نے تمام مقامات پر اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا۔ فلک شگاف خیر مقدمی نعرے لگائے۔ بھنگڑے ڈالے اور پارٹی ترانوں پر رقص کیا۔ بلاول کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اور دیگر رہنمائوں نے بھی کارواں میں شرکت کی۔

No comments.

Leave a Reply