افغان خواتین کو اپنے لیے آواز اٹھانے کے قابل ہونا چاہئے، انجلینا جولی

ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی

ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

ہالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ انجلینا جولی نے افغان خواتین کے حق میں ایک بار پھر آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ افغان خواتین کو اپنے لیے آواز اٹھانے کے قابل ہونا چاہئے وہ امن مذاکرات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ نامور ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی نے ہمیشہ خواتین خصوصاً افغان خواتین کے لیے آواز بلند کی ہے۔ حال ہی میں ٹائمز میگزین میں شائع ہونے والے کالم میں انجلینا جولی نے ایک بار پھر افغان امن مذاکرات میں افغانی خواتین کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانی خواتین کو اپنے لیے آواز اٹھانے کے قابل ہونا چاہئے، جس کا مطلب یہ ہے کہ افغان امن مذاکرات میں حصہ لینے والے افغانی حکومت کے وفد میں خواتین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔

جولی نے کہا خواتین امن معاہدے کے نفاذ میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ 90ء کی دہائی میں جب طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا انہوں نے خواتین کی تعلیم پر پابندی عائد کر دی تھی اور خواتین کو گھروں میں رہنے پر مجبور کیا تھا جبکہ انہیں کئی بار سزائیں بھی دی گئیں جن میں سنگساری بھی شامل ہے۔ تاہم 2001 ء کے بعد افغانستان میں امریکی مداخلت کے بعد خواتین کے حقوق میں بہتری آئی لیکن افغان کلچر میں اب بھی خواتین کو الگ تھلگ رکھا جاتا ہے جہاں خواتین میں اب بھی اپنی آزادی چھن جانے کا خوف ہے۔ انجلینا نے کہا کہ خواتین پر مظالم، جبر اور ناانصافی کے اس نئے دورمیں اگر امن معاہدہ نہیں ہو گا تو استحکام بھی نہیں آئے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغان خواتین کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا تھا  کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر افغان امن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے امن مذاکرات میں افغان خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے۔

No comments.

Leave a Reply