دنیا میں جاری تنازعات، 2018 ء میں بچوں کی ریکارڈ ہلاکتیں

سالانہ خصوصی رپورٹ کے مطابق 2018 ء میں دنیا بھر میں تنازعات کے دوران 12 ہزار سے زائد بچے ہلاک و زخمی ہو گئے جو ایک ریکارڈ ہے

سالانہ خصوصی رپورٹ کے مطابق 2018 ء میں دنیا بھر میں تنازعات کے دوران 12 ہزار سے زائد بچے ہلاک و زخمی ہو گئے جو ایک ریکارڈ ہے

یو این ۔۔۔ نیوز ٹائم

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018 ء میں دنیا بھر میں تنازعات کے دوران 12 ہزار سے زائد بچے ہلاک و زخمی ہو گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے چلڈرن اینڈ آرمڈ کنفلکٹ کے سیکریٹری جنرل کی سالانہ خصوصی رپورٹ کے مطابق 2018 ء میں 20 تنازعات کی نگرانی کی گئی جس میں 12 ہزار سے زائد بچوں کو ہلاک و زخمی کرنے کی رپورٹس آئیں۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس( António Guterres)  کا کہنا تھا کہ میں خاص کر بچوں کے خلاف ہونے والے سنگین جرائم کے اعداد و شمار پر دل برداشتہ ہوں۔

رپورٹ کے مطابق صومالیہ، نائیجیریا اور شام میں بچوں کو لڑائیوں کے لیے بطور سپاہی استعمال کیا گیا اور 2018 ء میں دنیا بھر میں کم از کم 7 ہزار بچوں کو جنگ کے لیے اگلے مورچوں میں بھیجا گیا۔ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ بچوں کے اغوا کی وارداتیں بھی بدستور جاری رہیں  تاکہ انہیں خانہ جنگی یا جنسی درندگی کے لیے استعمال کیا جا سکے اس حوالے سے نصف سے زائد واقعات صومالیہ میں پیش آئے جہاں 25000 واقعات رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر لڑکوں اور لڑکیوں کے خلاف جنسی زیادتی کے 933 واقعات رپورٹ ہوئے لیکن یہ اندازے سے کم ہیں کیونکہ تمام متاثرہ بچوں تک پہنچنے کے لیے رکاوٹیں موجود تھیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 2018 ء میں اسکولوں اور ہسپتالوں میں حملوں کے واقعات میں کسی قدر کمی آئی لیکن بعض تنازعات کے موقع پر تیزی بھی آئی ہے جس میں افغانستان اور شام شامل ہیں جہاں اس طرح کے واقعات سب سے زیادہ پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق مالی میں بچوں کی تعلیم تک رسائی کا مسئلہ سنگین تر ہے  جہاں فوج اپنے اسکولوں میں بچوں کو تعلیم دیتی ہے، مالی میں دسمبر 2018 ء کے اختتام تک 827 اسکول بند ہوئے اور 24 ہزار 400 بچوں کو تعلیم دینے سے روک دیا گیا۔ تنازعات اور بچوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے کی خصوصی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خانہ جنگی سے متاثرہ ملکوں میں بچے متاثر ہو رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے جہاں انہیں مار دیا جاتا ہے یا اغوا کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بچوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے افغانستان پہلے نمبر پر رہا جہاں 2018 ء میں 3062 بچوں کو نشانہ بنایا گیا جو ملک میں ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا 28 فیصد ہے۔ شام میں فضائی کارروائی اور لڑائیوں میں 1854 بچے ہلاک و زخمی ہوئے، اسی طرح یمن میں لڑائی میں 1689 بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تصادم کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں 2014 ء سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں 2018 ء میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جہاں 59 فلسطینی بچے جاں بحق اور 2756 زخمی ہوئے۔

No comments.

Leave a Reply