نیب نے اسحق ڈار کے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروا دیئے

سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار

سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے منجد بینک اکائونٹ سے 50 کروڑ روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دیئے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر جو کہ مفرور ہیں کے خلاف نیب نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا۔ اس ضمن میں ایک عہدیدار نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ رقم اسحق ڈار کے مخلتف اکائونٹس سے برآمد کی گئی تھی جنہیں منگل کے روز قومی خزانے میں جمع کروا دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیورو کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سابق وزیر خزانہ کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے باوثوق شواہد موصول ہو چکے ہیں چنانچہ نیب نے اس کے خلاف باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آمدنی سے زائد اثاثوں کے حوالے سے بدعنوانی کے ریفرنس کا سامنا کرنے والے اسحق ڈار کے گلبرگ کے علاقے میں موجود 5 کنال کے بنگلے کا انتظام سنبھال لیا تھا۔ چونکہ وہ کرپشن ریفرنس میں مفرور ہیں لہذا اسحق ڈار کے تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں بشمول لاہور کی الفلاح ہائوسنگ سوسائٹی میں 3 پلاٹس، اسلام آباد میں 6 ایکڑ زمین، پارلیمنٹیرین انکلیو میں 2 کنال کا پلاٹ، سینیٹ کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کا ایک پلاٹ،  اسلام آباد میں ایک 2 کنال اور 9 مرلہ کے پلاٹ اور 6 گاڑیوں کو نیب کے درخواست ہر منسلک کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اسحق ڈار کو 2017 ء میں احتساب عدالت نے اس وقت مفرور قرار دے دیا تھا جب وہ علاج معالجے کے سلسلے میں لندن میں ہونے کے باعث سماعت میں پیش نہیں ہو سکے تھے اور اس وقت سے اب تک وہیں موجود ہیں۔ دوسری جانب نیب ٹیم نے حمزہ اور سلمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کیولری گرائونڈ اور گلبرگ دفاتر پر چھاپہ مارا۔ اطلاعات کے مطابق نیب نے دونوں چھاپوں کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے دفاتر سے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ مزید یہ کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو بھی منی لانڈرنگ اور چوہدری شوگر ملز سے تعلق کے حوالے سے آج نیب لاہور میں پیش ہونا ہے۔

No comments.

Leave a Reply