نائیجیریا میں شدت پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 130سے تجاوز کرگئی

نائیجیریا میں شدت پسند

نائیجیریا میں شدت پسند

کانو ۔۔۔ نیوز ٹائم

شمال مشرقی نائیجیریا میں شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد130 سے تجاوز کرگئی جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔  فرانسیسی خبررساں ادارے  نے نائیجیریا کے سینیٹر محمدعلی ناڈومے کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کی ذیلی تنظیم بوکوحرام کے عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد نے بورنو ریاست کے شمال مشرق میں واقع ایک گائوں پر حملہ کیا۔ عسکریت پسندوں کے حملے میں 106 افراد ہلاک ہوئے۔ ان کامزید کہناتھا کہ 60 سے زائد افراد کی آخری رسومات اداکر دی گئیں۔ حملہ آوروں نے تازہ کارروائی میں درجنوں گھر نذر آتش کردیے۔ مقامی میڈیاکے مطابق یہ حملہ ازغی نامی مسیحی اکثریتی گائوں میں کیاگیا۔ زندہ بچ جانے والے ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آورگھر گھر تلاشی لیتے رہے اور گھروں میں چھپنے والوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مارا۔ کچھ کو گولیاں ماری گئیں جبکہ دیگر کے گلے کاٹے گئے۔ حملہ آور رات ساڑھے 9 بجے اس علاقے میں پہنچے۔ وہ 6 ٹرکوں اور کچھ موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ انھوں نے فوجی لباس پہن رکھا تھا۔ عینی شاہد  نے بتایا کہ وہ حملے کے بعداپنے گھرکی دیوار پھلانگ کر 40 منٹ تک پیٹ کے بل گھسٹتے ہوئے وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ گاؤں کے ایک رہائشی ابوبکر عثمان نے بتایاکہ ہلاک ہونے والے افرادکی لاشیں گلیوں میں پڑی ہیں۔ خوف کے باعث ہم لاشوں کو دفنائے بغیر وہاں سے بھاگ گئے تھے۔ ایک مقامی افسر اولارامو نے بتایاکہ حملہ آوروں نے دکانوں، گھروں اور گوداموں میں لوٹ مار بھی کی اورتمام مال ٹرکوں میں بھر کر لے گئے۔

No comments.

Leave a Reply