ترکی میں وزارت داخلہ کے حکم پر سوشل میڈیا کے 1136 اکائونٹ بلاک

ترکی کی ایک عدالت نے وزارت داخلہ کے حکم پر سوشل میڈیا کے 1136 اکائونٹ بند کرنے کا حکم دے دیا ہے

ترکی کی ایک عدالت نے وزارت داخلہ کے حکم پر سوشل میڈیا کے 1136 اکائونٹ بند کرنے کا حکم دے دیا ہے

انقرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے آئندہ مقامی انتخابات سے قبل حکومت کی ساکھ متاثر کرنے والے سوشل میڈیا نیٹ ورکس کو بند کرنے کی دھمکی کے بعد،  ترکی کی ایک عدالت نے وزارت داخلہ کے حکم پر سوشل میڈیا کے 1136 اکائونٹ بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ان میں ویب سائٹس، ٹویٹر، فیس بک، انسٹاگرام، یو ٹیوب اور پنٹریسٹ اکائونٹ شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میڈیا سائٹس پر اردگان سے متعلق ایسی آڈیو ریکارڈنگ شائع کی گئیں جن سے مبینہ طور پر ان کی کرپشن کے اشارے ملتے ہیں۔ اس اقدام کی مذمت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ بند ہونے والے سوشل میڈیا اکائونٹس کردوں اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے اور ان میں صدر اردگان کے قریبی معاونین کی طرف سے کرپشن، اقربا پروری اور رقوم کی خرد برد کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹس بھی شائع کی جا رہی تھیں۔

تاہم، ترکی کے ٹیلی کام سیکٹر کی نگرانی کرنے والے ادارے BTK کا کہنا ہے کہ شہریوں کی طرف سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ مذکورہ سوشل میڈیا سائٹس ان کی پرائیویسی میں مداخلت کر رہی تھیں، جس کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ بندش کا شکار ہونے والے اکائونٹس میں ڈیلی نیوز، فرسودے گیزٹ، ایتھا، ہلکین اور سیسی جیسے معروف اخبار اور جریدوں کے علاوہ کردوں کے حقوق کی حامی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (HDP) کے ٹویٹر اکائوٹس بھی شامل ہیں۔انقرہ میں شہری سوشل میڈیا پر پابندیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

حزب اختلاف کی نیوز ویب سائیٹ Bianet.org کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ یہ نشریاتی ادارہ کردش زبان سمیت تین زبانوں میں براڈکاسٹ کرتا ہے۔ اس ادارے کے ایک ایڈیٹر فرید ڈیمرل نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان سوشل میڈیا اکائونٹس کو بند کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ Bianet.org ہمیشہ پریس کی آزادی اور آزادیِ اظہار کو فروغ دیتا رہا ہے  اور ترکی میڈیا کی آزادی کے حوالے سے عالمی فہرست میں کئی برس سے آخری نمبر پر ہے۔ڈیمرل کا مزید کہنا تھا کہ اس بندش سے دو لاکھ کے لگ بھگ خبریں اور رپورٹیں بلاک ہو گئی ہیں۔

صحافت کی تنظیموں ایسوسی ایشن آف جرنلسٹس ان ٹرکی (TGC)، ترکی کے صحافیوں کی یونین (TGS)، جرنلسٹس ود آئوٹ بارڈرز اور ایسوسی ایشن آف کنٹیمپریری جرنلسٹس (ACJ)  نے اس بندش پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ میڈیا کی آزادی کی نفی کرتا ہے۔ تاہم، ترکی میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی طرف سے اس پابندی کے ردعمل میں ہیش ٹیگ #twitterisblockedinTurkey انتہائی مقبول ہو گیا اور سب سے اوپر ٹرینڈ کرتا رہا۔

No comments.

Leave a Reply