قومی سلامتی کا فیصلہ: پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت، تجارت معطل، دوطرفہ معاملات پر نظرثانی

بھارتی  ہائی کمشنر اجے بساریہ

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ

اسلام آباد  ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے فیصلے سے بھارتی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی اپنا نامزد ہائی کمشنر معین الحق بھارت نہیں بھیجے گا یہ اقدام قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح میں بتدریج کمی بھارت کے ساتھ تجارت معطل دوطرفہ معاملات پر نظرثانی کرنے اور معاملہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی نے بہادر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر، 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ یہ فیصلہ بدھ کے روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی و عسکری قیادت کے اجلاس میں کیا گیا وزیر اعظم نے مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے وحشیانہ چہرے  نسل پرستی کے مذموم عزائم  اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیلئے تمام سفارتی چینلز کو متحرک کیا جائے۔ اجلاس میں بھارتی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدمات کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال، مقبوضہ کشمیر کے اندر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر تعلیم، وزیر انسانی حقوق، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، وزیر قانون، مشیر خزانہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف،  چیف آف ایئر اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف، معاون خصوصی برائے اطلا عات و نشریات،  ڈی جی آئی ایس آئی،  ڈی جی آئی ایس پی آر، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلی افسروں نے شرکت کی۔

No comments.

Leave a Reply