چین کو انتہائی کارروائی کی امریکی دھمکی، تجارتی جنگ میں شدت

ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک روز قبل چین کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ وہ امریکی اقدامات کے خلاف ضروری جوابی فیصلوں کے لیے تیار ہے

ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک روز قبل چین کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ وہ امریکی اقدامات کے خلاف ضروری جوابی فیصلوں کے لیے تیار ہے

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے چینی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے امریکی منصوبے کے خلاف کوئی اقدام کیا تو اس کے خلاف انتہائی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک روز قبل چین کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ وہ امریکی اقدامات کے خلاف ضروری جوابی فیصلوں کے لیے تیار ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ 300 ارب ڈالر کی مزید چینی اشیا پر 2 مراحل میں 10 فیصد محصولات عائد کرے گی، اس سلسلے کا پہلا مرحلہ یکم ستمبر کو اور دوسرا 15 دسمبر کو شروع ہو گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی جنگ کم عرصے تک جاری رہے گی اور اگر یہ زیادہ طویل ہوئی تو چین کمزور اور امریکا مضبوط تر ہوتا جائے گا۔

دریں اثنا صدر ٹرمپ نے امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے تجویز دی ہے کہ ان سے نمٹنے کے لیے ذہنی امراض کے مزید مراکز بنانے کی ضرورت ہے۔ نیو ہمپشائر میں انتخابی ریلی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ذہنی امراض کے مراکز ہمارا موضوع بحث ہونا چاہیے کیونکہ ہم ان لوگوں کو سڑکوں پر نہیں چھوڑ سکتے۔ واضح رہے کہ امریکا میں چند ہفتوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر گن کنٹرول قوانین پر بحث شروع ہو چکی ہے۔

No comments.

Leave a Reply