جعلی اکائونٹس اور ایل این جی کیس: یو اے ای کی کاروباری شخصیت وعدہ معاف گواہ بن گئی، مفتاح اسماعیل کی 11 روز جسمانی ریمارنڈ

جعلی اکائونٹ میں ملوث سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان میں ایک نجی بینک کے مالک ناصر عبد اللہ لوتاہ

جعلی اکائونٹ میں ملوث سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان میں ایک نجی بینک کے مالک ناصر عبد اللہ لوتاہ

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

جعلی اکائونٹ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر احتساب عدالت نے پاکستان میں ایک نجی بینک کے مالک ناصر عبد اللہ لوتاہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لے لیے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہری اور اعلی کاروباری شخصیت ناصر عبد اللہ لوتاہ، فریال تالپور، اومنی گروپ کے چیئرمین عبد الغنی مجید اور دیگر ملزمان کے ساتھ جعلی اکائونٹ کیس میں نامزد تھے۔ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے قبل عدالت نے انہیں آصف زرداری کے خلاف کیس میں متعدد مرتبہ طلب کیا تھا  جس کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ناصر عبد اللہ لوتاہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروا کر جعلی اکائونٹ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے ناصر عبد اللہ لوتاہ کی جانب سے کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست قبول کر لی ہے۔ چنانچہ جیسے ہی سماعت کے دوران عدالت نے کارروائی کا اشارہ دیا نیب نے ان کا نام ملزمان کی فہرست سے خارج کر دیا۔ سماعت میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا  کہ نیب نئے شواہد کی بنیاد پر آصف زرداری کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جس پر وکیل دفاع سردار لطیف کھوسہ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ کیس کراچی کی بینکنگ عدالت سے منتقل ہوا ہے لہذا نیب ضمنی ریفرنس دائر نہیں کر سکتا۔

مفتاح اسمعیل کے ریمانڈ میں توسیع:

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل

دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق مینیجنگ ڈائریکٹر عمران الحق کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے عدالت کو بتایا کہ نیب انہیں حراست میں رکھنے کے باجود باقاعدہ تفتیش نہیں کر رہا۔ انہوں نے شکایت کی کہ انہیں ایک چھوٹے کمرے میں رکھا گیا ہے جبکہ نیب کے تفتیش کار ایک روز کے دوران 5 منٹ سے زیادہ دیر کے لیے نہیں آتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں صرف 30 منٹ کے لیے چہل قدمی کی اجازت ہے اور دن میں 23 گھنٹے انہیں سیل میں رکھا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) درآمد کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد ہونے کے بعد حراست میں لیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply