بریگزٹ پر ڈیل نہ ہونے کی صورت میں اشیا کی ترسیل میں خلل کا امکان

برطانیہ یورپی بلاک سے 31 اکتوبر کو علیحدہ ہو جائے گا

برطانیہ یورپی بلاک سے 31 اکتوبر کو علیحدہ ہو جائے گا

لندن ۔۔۔ نیوز ٹائم

برطانوی میڈیا کے مطابق، سرکاری دستاویزات میں انتباہ کیا گیا ہے کہ بریگزٹ پر کوئی ڈیل نہ ہونے کی صورت میں اشیا کی ترسیل میں سنگین خلل آ سکتا ہے۔ اس سرکاری رپورٹ کے بعض اقتباسات برطانوی اخبارات میں اتوار کے روز شائع ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہونے یا نہ ہونے کی صورت میں بھی برطانیہ یورپی بلاک سے 31 اکتوبر کو علیحدہ ہو جائے گا۔

رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں، برطانیہ بھر کی مختلف پورٹس پر کسٹم کلیئرنس میں تاخیر سے، لندن سمیت جنوب مشرقی برطانیہ میں ایندھن جیسی اشیا کی ترسیل میں خلل آئے گا۔ توقع ہے کہ تازہ خوراک کی سپلائی کم ہونے سے بعض سپر مارکیٹس میں اشیا کی قلت پیدا ہو گی۔ برطانیہ 75 فیصد ادویات کی ضروریات یورپی یونین سے پوری کرتا ہے، لہذا درآمدی ادویات کی ترسیل میں بھی تاخیر ہونے کا امکان ہے۔

بریگزٹ پر ڈیل نہ ہونے کی تیاریوں کے نگران وزیر مائیکل گوو نے ان خدشات کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی۔  انہوں نے ٹویٹ میں زور دیا کہ بریگزٹ منصوبہ بندی کی رفتار تیز کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بظاہر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کسی معاہدے پر پہنچے بغیر یورپی یونین سے علیحدہ ہونے والے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply