بھارتی سپریم کورٹ مقبوضہ کشمیر کو شق 370 کے خاتمے کی سماعت یکم اکتوبر کو کریں گی

بھارتی سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ شق 370 اور 35-A کے خاتمے کے خلاف دائر 14 درخواستوں کی سماعت کرے گا

بھارتی سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ شق 370 اور 35-A کے خاتمے کے خلاف دائر 14 درخواستوں کی سماعت کرے گا

نئی دہلی ۔۔۔ نیوز ٹائم

بھارت کی عدالت عظمی مقبوضہ وادی کشمیر کو آئین کی شق 370 اور 35-A کے تحت حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حکومتی اقدام کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت یکم اکتوبر کو کرے گی۔ دائر درخواستوں کی تعداد 14 ہے۔ بھارت میں برسراقتدار انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے نامزد مودی حکومت نے 5 اگست کو ملکی آئین کی شق 370 کا خاتمہ کر کے مقبوضہ وادی چنار میں کرفیو نافذ کر دیا تھا جو تاحال برقرار ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ شق 370 اور 35-A کے خاتمے کے خلاف دائر 14 درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ 5 رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس این وی رمنا کریں گے جبکہ جسٹس سنجے کرشن کول، جسٹس آر سبھاش ریڈی، جسٹس بی آر گاولی اور جسٹس سوریہ کانت بینچ کا حصہ ہوں گے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقبوضہ وادی کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت ختم کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت 28 اگست کو کی تھی۔ عدالت عظمی نے اس سلسلے میں 5 رکنی آئینی بینچ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 اور 35-A کو ختم کرنے پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کیے تھے۔

No comments.

Leave a Reply