جاپانی مالبردار خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جڑ گیا

کونوتوری 8 کاگوشیما پریفیکچر میں واقع تانیگاشیما خلائی مرکز سے 25 ستمبر کو روانہ ہوا تھا

کونوتوری 8 کاگوشیما پریفیکچر میں واقع تانیگاشیما خلائی مرکز سے 25 ستمبر کو روانہ ہوا تھا

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپانی مالبردار خلائی جہاز جس میں کوئی انسان سوار نہیں ہے، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس سے جڑ گیا ہے۔ کونوتوری 8 کاگوشیما پریفیکچر میں واقع تانیگاشیما خلائی مرکز سے 25 ستمبر کو روانہ ہوا تھا۔ تقریبا 400 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں زیر گردش خلائی اسٹیشن کے قریب پہنچنے کے بعد ایک خلاباز نے مشینی بازو کی مدد سے اسے پکڑ لیا۔  خلائی اسٹیشن سے جڑنے کا عمل جاپانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 3 بجے سے کچھ پہلے مکمل ہوا۔ ایباراکی پریفیکچر کے تسوکوبا شہر میں واقع جاپانی خلائی تحقیقی ایجنسی جاکسا کے کنٹرول روم میں تقریبا 40 کا عملہ موجود تھا۔ عملے نے کونوتوری سے متعلق تفصیلات کی امریکی خلائی ایجنسی ناسا کو ترسیل کی اور جیسے ہی مشینی ہاتھ نے اس مالبردار خلائی جہاز کو پکڑا، تالیاں بجائیں۔ کونوتوری 10,8  میٹر لمبا ہے اور اس کا قطر 4.4 میٹر ہے۔ اس کے تقریبا 5.3 ٹن سامان میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں مقیم خلابازوں کے لیے پانی، خوراک اور بجلی کی فراہمی کے لیے بیٹریاں اور یونیورسٹی کے تیار کردہ مصنوعی سیارے شامل ہیں۔ پہلا کونوتوری 10 سال پہلے بھیجا گیا تھا۔ یہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو سامان کی مسلسل 8ویں غیر انسان بردار ترسیل ہے۔ جاکسا کے ایچ ٹی وی ٹیکنالوجی مرکز کے ڈائریکٹر ہیروہیکو اویماتسو نے بتایا کہ 10 سال قبل ابتدائی مسائل نے مالبردار خلائی جہاز کو چلانے کے عمل میں دشواریاں پیدا کی تھیں لیکن تجربہ بڑے پیمانے پر بہتری لانے کا سبب بنا ہے۔

No comments.

Leave a Reply