برطانوی وزیر اعظم کا 12 دسمبر کو عام انتخابات کرانے کا مطالبہ

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن

لندن ۔۔۔ نیوز ٹائم

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بریگزٹ میں تعطل کو ختم کرنے کے لیے 12 دسمبر کو عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ بورس جانسن نے اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے مزید وقت دینے کو تیار ہیں، تاہم قانون ساز ان کے دسمبر میں انتخابات کرنے فیصلے کا ساتھ دیں۔ خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل برطانیہ، یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کے قریب تر ہو گیا تھا تاہم پارلیمنٹ نے بورس جانسن کو بریگزٹ میں مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورس جانسن نے بارہا کہا ہے کہ وہ ایسا نہیں چاہتے تاہم انہیں ملک کی منتشر پارلیمنٹ کی جانب سے تاخیر کے لیے زور دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق بریگزٹ کے معاملے پر ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے انتخابات واحد راستہ نظر آ رہے ہیں  جہاں پارلیمنٹ نے ان کے معاہدے کو منظور کرنے کے منٹوں بعد اس کے ٹائم ٹیبل کو مسترد کر دیا تھا جو ان کی اکتوبر 31 کی ڈیڈ لائن سے مطابقت رکھتی تھی۔ تاہم وہ پارلیمنٹ میں انتخابات کے لیے 2 مرتبہ ووٹنگ ہار چکے ہیں جہاں انہیں 650 قانون سازوں میں سے 2 تہائی کی اکثریت درکار ہے۔ مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے متعدد مرتبہ کہا ہے کہ وہ صرف اس وقت انتخابات کی حمایت کرے گی جب اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے بغیر معاہدے کے الگ نہیں کیا جائے گا۔

بورس جانسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خط کی کاپی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم 6 نومبر تک دستبرداری کے معاہدے کے بل کا وقت رکھیں گے تاکہ اس پر بحث اور ووٹنگ ہو سکے، اس کا مطلب ہے کہ ہم بریگزٹ کو 12 دسمبر کو انتخابات سے قبل ہی مکمل کر لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمنٹ اس موقع سے بھی فائدہ اٹھانے سے انکار کر دیتی ہے اور 6 نومبر تک فیصلہ کرنے میں ناکام رہتی ہے، جس کا مجھے خوف ہے، تو معاملہ نئی پارلیمنٹ کی جانب سے حل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 3 سال سے یورپی یونین سے الگ ہونے یعنی بریگزٹ کے حق میں 52 فیصد ووٹ آنے کے بعد بھی اس علیحدگی کا مستقبل واضح نہیں ہے، برطانیہ میں اب بھی بحث جاری ہے کہ کیسے اور کیا ہمیں اس کام کو سرانجام دینا چاہیے یا نہیں۔ بورس جانسن جولائی کے مہینے میں برطانیہ کے وزیر اعظم بنے تھے جنہوں نے 31 اکتوبر تک بریگزٹ مکمل کرنا تھا تاہم وہ اس میں تقریباً ناکام ہو چکے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply