دوران پرواز پائلٹ دل کے دورے کے باعث ہلاک، امریکا میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ

روس کی ایئرلائن ایرو فلوٹ کی پرواز SU-1546 اناپا کے لیے روانہ ہوئی تھی

روس کی ایئرلائن ایرو فلوٹ کی پرواز SU-1546 اناپا کے لیے روانہ ہوئی تھی

ماسکو، لاس ویگاس ۔۔۔ نیوز ٹائم

روس میں 33 ہزار فٹ کی بلندی پر محو پرواز طیارے کے پائلٹ کی حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث موت واقع ہو گئی جس کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو کے Sheremetyevo ایئرپورٹ سے ایئرلائن Aeroflot flight SU1546 Anapa کے لیے روانہ ہوئی تھی،  جہاز 33 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا  کہ اچانک کاک پٹ میں شور سنا گیا، ایئرہوسٹس مسافروں میں سے کسی ڈاکٹر کی موجودگی کا پوچھتی رہیں۔ جہاز کے ایک پائلٹ کو دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ نیم مردہ حالت میں اپنی نشست میں اوندھے پڑے تھے، ڈاکٹر کی غیر موجودگی کے باعث اپنی مدد آپ کے تحت پائلٹ کو طبی امداد دی گئی اور معاون پائلٹ نے جہاز کو Rostov-on-Donکے ہوائی اڈے پر ہنگامی طور پر اتار لیا۔ پائلٹ کو ایئرپورٹ پر ہی طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پائلٹ کے اہلخانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔  جہاز کو دوبارہ Anapa کے لیے روانہ کر دیا گیا۔  پائلٹ کی اچانک موت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ طیارے میں  150 مسافر موجود تھے جو پائلٹ کی دورانِ پرواز موت پر خوف زدہ ہو گئے تھے تاہم عملے نے مسافروں کو اطمینان دلایا کہ ہر کمرشل فلائٹ کی طرح اس جہاز میں بھی ایک معاون پائلٹ موجود ہے۔

طیارے نے ریاست نیواڈا میں واقع امریکی فضائیہ کے بیس سے پرواز بھری تھی

طیارے نے ریاست نیواڈا میں واقع امریکی فضائیہ کے بیس سے پرواز بھری تھی

 دوسری جانب امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتا ہوا زمین بوس گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق لاس ویگاس ویلی میں ایک انجن والا مسافر بردار طیارہ ایس آر۔22  پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے گہری کھائی میں گر کر تباہ ہو گیا اور طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔ طیارے میں پائلٹ کے ہمراہ دو مسافر بھی تھے، حادثے میں تینوں افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور طیارے کی ملکیت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔  دشوار گزار راستوں اور موسم کی خرابی کے باعث امدادی کام روک دیا گیا ہے۔ طیارے نے ریاست نیواڈا میں واقع امریکی فضائیہ کے بیس سے پرواز بھری تھی تاہم امریکی فضائیہ نے واضح کیا ہے کہ تباہ ہونے والا طیارہ ملٹری نہیں نجی ہے اور طیارے میں سوار تمام افراد بھی سویلین تھے۔  حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

No comments.

Leave a Reply