جسٹس گلزار کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار 21 دسمبر 2019 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار 21 دسمبر 2019 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا کہ صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار کو پاکستان کے چیف جسٹس کے لیے تعینات کر دیا ہے اور اس کا اطلاق 21 دسمبر 2019 ء سے ہو گا۔ خیال رہے کہ جسٹس گلزار احمد موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس 20 دسمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوں گے، جس کے بعد 21 اگست کو جسٹس گلزار احمد پاکستان کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ 22 نومبر کو وزارت قانون نے جسٹس گلزار احمد کو نئے چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کرنے کی سمری وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کی تھی۔ اگر جسٹس گلزار احمد کی بات کی جائے تو سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق وہ 2 فروری 1957ء کو کراچی میں معروف وکیل محمد نور کے گھر میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی سے بی۔ اے کی ڈگری حاصل کی۔اس کے بعد وکالت کے شعبے میں آنے کے لیے کراچی کے ایس۔ایم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔

اس کے بعد 18 جنوری 1986ء میں ایڈووکیٹ کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہوئے اور پھر 4 اپریل 1988ء کو ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے ان کا اندراج ہوا، جس کے بعد 15 ستمبر 2001 ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ بنے۔ اس کے علاوہ سال 2000-1999 ء کے لیے جسٹس گلزار احمد سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزاز سیکریٹری بھی منتخب ہوئے۔ علاوہ ازیں جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 ء کو سندھ ہائی کورٹ کے جج جبکہ 16 نومبر 2011 ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے  اور آپ اس وقت عدالت عظمی کے سینئر ترین جج کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ چیف جسٹس کی ملک میں غیر موجودگی کے دوران جسٹس گلزار احمد متعدد مرتبہ قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply