شمالی کوریائی رہنما نے ٹرمپ کو خبطی بڈھا کہہ دیا

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی 2018ء میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد سے دونوں رہنما 3 ملاقاتیں کر چکے ہیں

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی 2018ء میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد سے دونوں رہنما 3 ملاقاتیں کر چکے ہیں

پیانگ یانگ، واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

شمالی کوریا کے ایک رہنما نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کے تیر برسا دیے۔ شمالی کوریا میں برسر اقدار کمیونسٹ پارٹی کے نائب سربراہ Kim Yong Chol نے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے خبطی بوڑھے آدمی کی اصطلاح استعمال کی۔ انہوں نے ٹرمپ کو بے چین اور صبر نہ کرنے والا بھی قرار دیا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک امریکی دبائو میں نہیں آئے گا، کیونکہ اس کے پاس گنوانے کو کچھ ہے ہی نہیں۔ انہوں نے یہ بیان امریکی صدر کے ٹوئٹ کے جواب میں دیا۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے امریکا کے ساتھ دشمنی کا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ ہر چیز کھو بیٹھیں گے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز اپنی ایک رپورٹ میں انتہائی اہم تجربہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ شمالی کوریا کے اقدام پر صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کم جونگ ان بہت سمجھدار ہیں اور ان کے پاس کھونے کو بھی بہت کچھ ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ ان نے میرے ساتھ سنگاپور میں جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ان کی قیادت میں شمالی کوریا زبردست معاشی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن انہیں وعدے کے مطابق جوہری ہتھیاروں سے پاک ہونا ہو گا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملے پر مغربی ممالک کے اتحاد نیٹو، چین، روس اور جاپان سمیت پوری دنیا متحد ہے۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی 2018ء میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد سے دونوں رہنما 3 ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ اس سے قبل 2017ء میں دونوں رہنمائوں کے درمیان نوک جھونک رہی تھی۔

No comments.

Leave a Reply