میزائل تجربات پر امریکہ نے شمالی کوریا کو انتباہ جاری کر دیا

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر Kelly Craft نے اشتعال انگیز اقدامات ختم نہ ہونے کی صورت میں شمالی کوریا کو نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکہ کی درخواست پر بدھ کے روز اوپن ڈور اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس گزشتہ سال ستمبر کے بعد پہلی بار منعقد کیا گیا۔ سفیر Kelly Craft نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ شمالی کوریا نے رواں سال دو درجن سے زائد بیلسٹک میزائل تجربات کیے ہیں۔ Kelly Craft نے کہا کہ بیلسٹک میزائل تجربات، مار کی حد سے قطع نظر، علاقائی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ ان ایک نئے راستے کا حوالہ دے رہے ہیں۔  وہ بظاہر اشارہ کر رہی تھیں کہ شمالی کوریا بین البراعظمی بیلسلٹک میزائل کا تجربہ کر سکتا ہے،  جو مرکزی امریکہ کو جوہری ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔  Kelly Craft نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیزی اور دھمکیوں کا سلسلہ ختم نہ ہونے کی صورت میں سلامتی کونسل کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں کرنی ہوں گی۔

اقوام متحدہ میں جاپان کے سفیر Kimihiro Ishikane نے اجلاس میں کہا کہ شمالی کوریا کو وسیع تباہی پھیلانے والے اپنے ہتھیاروں کو ترک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری تمام رکن ملکوں پر عائد ہوتی ہے۔  Kimihiro Ishikane نے کہا، میرے خیال میں بین الاقوامی برادری کی متحدہ کوششوں سے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان سفارتکاری کو مدد ملے گی۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ کِم جونگ ان رواں سال کے اختتام تک امریکہ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے جوہری پروگرام کے خاتمے کی پالیسی کا فیصلہ کریں گے۔

No comments.

Leave a Reply