پرویز مشرف نے سزائے موت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

سابق صدر پرویز مشرف

سابق صدر پرویز مشرف

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

سابق صدر پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی،  درخواست میں پیرا 66  پر اعتراض اٹھایا گیا اور اسے حذف کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست  لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اور خصوصی عدالت نے جلدی میں فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی   سابق صدر پرویز مشرف کی سزا پر عملدرآمد رکوانے کے لئے ایک متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم دیا۔  جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا تھا۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مشرف نے 3 نومبر 2007 ء کو آئین پامال کیا۔ خصوصی عدالت نے دو، ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ ایک جج نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

No comments.

Leave a Reply