چین سے انخلا کرنے والے جاپانی شہریوں میں کورونا وائرس کی علامات

چین سے جاپان انخلا کرنے والے 200 جاپانی شہری بدھ کی صبح ٹوکیو کے ہانیدا ائیرپورٹ پہنچ گئے

چین سے جاپان انخلا کرنے والے 200 جاپانی شہری بدھ کی صبح ٹوکیو کے ہانیدا ائیرپورٹ پہنچ گئے

ٹوکیو  ۔۔۔ نیوز ٹائم

چین سے جاپان انخلا کرنے والے 200 جاپانی شہری بدھ کی صبح ٹوکیو کے ہانیدا ائیرپورٹ  (Haneda airport) پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے متعدد افراد میں کھانسی اور بخار جیسی علامات موجود ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ مسافروں کا طبی معائنہ جہاز میں ہی کیا گیا۔  تمام افراد کو طبی اداروں میں مزید معائنوں کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ ایسے پانچ افراد جن میں علامات پائی گئیں کو متعدی امراض کے خصوصی ہسپتالوں میں بجھوایا گیا۔

جاپانی حکام ووہان شہر (Wuhan) کے لئے مزید مخصوص پروازیں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جہاں کورونا وائرس کی وبا پھیل چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں موجود تقریباً 650 افراد نے جاپان واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ منگل کے روز جاپان میں مزید تین کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس سے اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ ٹوکیو میں حکام خصوصی حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔  لوگوں کو اب ان کی مرضی کے بغیر ہسپتال داخل کروایا جا سکے گا۔ ملک میں داخلے کے مقامات پر وائرس سے متاثر ہونے کے شبے میں لوگوں کے طبی معائنے کرائے جا سکیں گے۔

دوسری جانب شنگھائی میں بعض جاپانی کمپنیاں کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے قمری نئے سال کی تعطیلات کے بعد اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے میں تاخیر کریں گی۔ شنگھائی کی انتظامیہ نے شہر میں قائم کمپنیوں کو بتایا ہے کہ انہیں 9 فروری تک اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ جیانگ سو (Jiangsu) صوبے کے سوژو (Suzhou)  میں بھی حکام نے اِسی طرح کا موقف اپناتے ہوئے کمپنیوں کو 8 فروری تک کام دوبارہ شروع کرنے سے منع کر دیا ہے۔یہ اعلان ملنے کے بعد جاپان کی ہونڈا موٹر نے چین میں موٹر سائیکل کے اپنے کاروبار کے شنگھائی صدر دفتر کو 10 فروری تک نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کمپنی موٹر سائیکل کے اپنے دو کارخانوں میں 9 فروری سے پیداوار دوبارہ شروع کرے گی۔ ان میں سے ایک کارخانہ جیانگ سو  (Jiangsu) میں ہے۔گاڑیوں اور برقی پرزہ جات بنانے والی کمپنیوں سمیت کئی شعبوں کی جاپانی کمپنیاں شنگھائی اور سوژو  (Suzhou) میں کام کر رہی ہیں۔ اگر کارخانوں میں کام کی معطلی جاری رہی تو اِس سے پرزہ جات اور دیگر مصنوعات کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے اور مصنوعات سازی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply